رسائی کے لنکس

یورپ سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت


حالانکہ یورپی حکام عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گرد منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لیے اقدام کر رہے ہیں، محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ پبلک مقامات پر یا ذرائع نقل و حمل کا استعمال کرتے ہوئے چوکنہ رہنے کی ضرورت ہے

امریکی محکمہ خارجہ نے سفری انتباہ جاری کیا ہے جس میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ یورپ میں ممکنہ دہشت گرد حملوں سے چوکنہ رہیں، جس میں اہم تقریبات، سیاحتی مقامات، ریستوران، تجارتی مراکز اور ذرائع نقل و حمل کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔

سفر کےاِس انتباہ کی میعاد 31 اگست 2016ٗ کو ختم ہورہی ہے۔

انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ’’موسم گرما کے دوران سیاحوں کی کثیر تعداد یورپ کا دورہ کرتی ہے، جس کے پیش نظر دہشت گرد پبلک مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ سازی کر سکتے ہیں، خاص طور پر اُن تقریبات کو جن میں بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے ہوں‘‘۔

انتباہ میں خاص طور پر یورپی فٹ بال چمپین شپ کی جانب دھیان مبذول کرایا گیا ہے، جو 10 جون سے 10 جولائی تک ہوگی؛ جب کہ ’ٹور ڈی فرانس‘ سائکلنگ ریس 2 سے 24 جولائی تک فرانس میں منعقد ہورہی ہے؛ ساتھ ہی، کتھولک چرچ کی جانب سے’یوم عالمی نوجوانان‘ 26 سے 31 جولائی تک پولینڈ کے شہر کراکو میں منایا جائے گا، جس میں متوقع طور پر 25 لاکھ سیاح شرکت کریں گے۔

حالانکہ یورپی حکام عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گرد منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لیے اقدام کر رہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ پبلک مقامات پر یا ذرائع نقل و حمل کا استعمال کرتے ہوئے چوکنہ رہنے کی ضرورت ہے۔

مارچ میں داعش کے دہشت گردوں نے برسلز کو ہدف بنایا تھا، جہاں شہر کے ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشن کو بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جن میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ داعش نے گذشتہ سال نومبر میں پیرس پر حملہ کیا تھا، جس دہشت گردی میں 130 افراد ہلاک ہوئے۔

XS
SM
MD
LG