رسائی کے لنکس

اردن: پولیس کے تربیتی مرکز میں فائرنگ کی تحقیقات


اردن میں پولیس تربیتی مرکز (فائل فوٹو)
اردن میں پولیس تربیتی مرکز (فائل فوٹو)

اردن کی حکومت کے تعاون سے امریکی حکومت عمان سے 30 کلومیٹر دور واقع تربیتی مرکز کو مشرق وسطیٰ سے ہزاروں پولیس جوانوں کو تربیت دینے کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔

اردن میں پولیس کے ایک تربیتی مرکز میں پیر کو فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دو امریکی شہری ڈائن کورپ نامی سکیورٹی فرم میں مانیٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔ اس فرم کے پاس امریکی حکومت کا ٹھیکہ ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ یہ امریکی عمان کے قریب واقع اردن انٹرنیشنل پولیس ٹریننگ سینٹر میں ہلاک ہونے والے ’’متعدد افراد‘‘ میں شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو اور امریکی تربیت کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اردن کی حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والا ایک تربیت کار اور اردن کے دو شہری بھی حملہ آور سمیت ہلاک ہوئے ہیں جس سے مرنے والوں کی کل تعداد چھ ہو گئی ہے۔ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کیا۔

مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے حملہ آور کی شناخت 28 سالہ کیپٹن انور ابو زائد کے طور پر کی ہے۔

یہ حملہ 9 نومبر 2005 کو ہونے والے حملے کے دس سال بعد ہوا ہے جس میں تین خود کش حملہ آوروں نے عمان کے ہوٹلوں میں گھس کر کم از کم 50 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

عراق میں القاعدہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اردن کی حکومت کے تعاون سے امریکی حکومت عمان سے 30 کلومیٹر دور واقع تربیتی مرکز کو مشرق وسطیٰ سے ہزاروں پولیس جوانوں کو تربیت دینے کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔

اس پروگرام کو محکمہ خارجہ سفارتی سکیورٹی اہلکاروں کے تعاون سے چلاتا ہے۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس میں اب فلسطینی سکیورٹی فورسز کو سکیورٹی کی بنیادی تربیت دی جاتی ہے۔

امریکہ اور اردن کی حکومتوں نے 2003 میں اس مرکز کے قیام کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ مرکز میں اردن اور مختلف ممالک سے ماہرین نے شمالی عراق کے پولیس افسروں کو تربیت دینا شروع کی۔ اس کے بعد اس میں فلسطینی سکیورٹی فورسز کی تربیت بھی شروع کی گئی۔

صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ اس حملے کو ’’بہت سنجیدگی‘‘ سے دیکھ رہے ہیں اور اردن کے حکام کے ساتھ مل کر اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیر کو ہونے والا حملہ اردن میں 2002 کے بعد سے پہلا ایسا حملہ ہے۔ 2002 میں امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی سے تعلق رکھنے والے لارنس فولی کو عمان میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG