رسائی کے لنکس

ورجینیا میں خاتون کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد


امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست ورجینیا میں ایک خاتون کو 2002ء میں اپنے خاوند اور سوتیلے بیٹے کو قتل کرنے کی سازش کے جرم میں سنائی گئی سزائے موت پر زہریلے ٹیکے کے ذریعے عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

اس ریاست میں گذشتہ تقریباً ایک سو برس میں ٹیریسالُواس (Teresa Lewis) پہلی خاتون ہیں جن کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے، جب کہ امریکہ میں آخری مرتبہ کسی خاتون کو سنائی گئی موت کی سزا کی تکمیل 2005ء میں ہوئی تھی۔

امریکی عدالت عظمیٰ اور ورجینیا کے گورنر باب میکڈونل (Bob McDonnell) نے 41 سالہ لُواِس کی سزا پر عمل درآمد روکنے سے انکار کر دیا تھا۔

لُواِس نے اقرار کیا تھا کہ انھوں نے اپنے خاوند اور سوتیلے بیٹے کو قتل کروانے کے لیے دو افراد سے رابطہ کیا تھا کیوں کہ وہ ان کی انشورنس پالیسی کی رقم حاصل کرنا چاہتی تھیں۔ عدالت کرائے کے قاتلوں کو عمر قید کی سزا سنا چکی ہے۔

ماضی میں لُواِس کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ان کی مئوکلہ کو معاف کر دینا چاہیئے کیوں کہ ان کی حالت ذہنی مریضہ کی سی ہے اور یہ کہ جرم میں شریک افراد نے اس صورت حال سے فائدہ اٹھایا تھا۔

گورنر میکڈونل نے حال ہی میں کہا تھا کہ متعدد طبی ماہرین نے لُواِس کا معائنہ کیا لیکن کسی ایک نے بھی یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں۔

XS
SM
MD
LG