رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے خلاف عالمی برادری کے سخت ردعمل کی ضرورت پر زور


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ دنیا کو جنوبی کوریا کے بحری جنگی جہاز کو ڈبونے پر شمالی کوریا کے خلاف سخت اور مناسب ردعمل کا اظہار کرنا چاہیئے۔ ہلری کلنٹن نے بدھ کو سیول میں جنوبی کوریا کے صدر اور وزیرخارجہ کے ساتھ مختصر بات چیت کے بعد یہ بیان دیا ہے ۔

اُنھوں نے چین سے بھی کہا کہ وہ جہاز کے ڈوبنے سے متعلق دستاویزات کا انتہائی احتیاط کے ساتھ مطالعہ کرے تاکہ اُسے حقیقت کا ادراک ہو سکے۔

چین کے نائب وزیر خارجہ کہہ چکے ہیں کہ اُن کی حکومت اس تمام معاملے کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ جنوبی کوریا کا جنگی جہاز 26 مارچ کو دھماکے کے بعد ڈوب گیا تھا اور اس میں 46 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ بین الاقوامی تحقیقات کے مطابق بحری جہاز کو شمالی کوریا کے تارپیڈو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، شمالی کوریا اس حملے کی ذمہ داری سے انکار کرتا ہے۔

اس واقعہ کے بعد پیانگ یانگ کے اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ شمالی کوریا نے جمعہ سے جنوبی کوریا کے ساتھ سمندری رابطے بھی ختم کردیے تھے جب کہ سرحدی علاقوں میں جنوبی کوریا کی طرف سے ”پراپینگنڈہ “نشریات کی مبینہ بحالی کے بعد شمالی کوریا نے اب پڑوسی ملک کے ساتھ سرحدی علاقوں میں زمینی رابطہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG