رسائی کے لنکس

شام میں کثیر الملکی زمینی فوج کے قیام کا مطالبہ


مائیکل میکاؤل (فائل فوٹو)
مائیکل میکاؤل (فائل فوٹو)

امریکہ داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے اعتدال پسند شامی باغیوں کی تربیت کر رہا ہے، مگر اب تک صرف 60 جنگجوؤں کی تربیت مکمل ہو سکی ہے۔

امریکہ کے ایوان نمائندگان میں داخلی سلامتی کی کمیٹی کے چیئرمین نے صدر براک اوباما سے ایک کثیرالملکی اتحاد قائم کرنے کی اپیل کی ہے جو شام میں داعش کی پناہ گاہوں کو تباہ کر دے۔

واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ’ہیریٹیج فاؤنڈیشن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رپبلیکن پارٹی سے تعلق رکنے والے کانگریس نمائندہ مائیکل میکاؤل نے کہا کہ موجودہ حکمت عملی کی مکمل درستگی کی ضرورت ہے جس کے بعد حکومت مخالف فورسز، مغربی تربیت کاروں اور مشیروں، سپیشل آپریشن فورسز اور علاقائی فوجی اتحادیوں پر مشتمل ایک فضائی اور زمینی مہم شروع کی جائے۔

امریکہ داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے اعتدال پسند شامی باغیوں کی تربیت کر رہا ہے، مگر اب تک صرف 60 جنگجوؤں کی تربیت مکمل ہو سکی ہے۔

پینٹاگان کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے بدھ کو نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’شام کے بارے میں ہماری پالیسی یہی ہے کہ ہم اعتدال پسند شامی حزب مخالف کی تربیت کرتے رہیں، جنہیں خصوصاً داعش سے لڑائی کے لیے کہا جا رہا ہے۔‘‘

تاہم میکاؤل نے کہا کہ اگر اتحادی افواج حقیقتاً داعش کو شام میں پناہ لینے سے روکنا چاہتی ہیں تو شامی صدر بشارالاسد کو بھی اس منصوبے میں شامل کرنا ہو گا۔

’’اسد کے راستے سے ہٹنے کے بعد باغیوں کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ترکی، اردن اور سعودی عرب کے حکام نے انہیں بتایا ہے کہ وہ شام میں لڑائی کے لیے وسائل اور فوجیں بھیجنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اگر ان وسائل کو آئندہ کسی وقت اسد کی حکومت کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے تو وہ اس کے لیے تیار نہیں۔

امریکہ کے دفاعی حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اگرچہ اسد کی حکومت داعش کے خلاف لڑائی میں ایک ’’ مشکل عنصر‘‘ ہے، مگر امریکی فوج شامی سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی۔

پینٹاگان کے افسر نے کہا کہ ’’اگر ہم اسد کو ایک برا اور نااہل انسان سمجھتے ہیں جسے حکومت میں نہیں ہونا چاہیئے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم وہاں جا کر زبردستی اس کی حکومت کو ختم کر دیں۔ ہم اس طرح کام نہیں کرتے۔‘‘

میکاؤل نے کہا کہ ایک شرپسند اور پرپیچ نظریے کے سحر میں گرفتار افراد کی جانب سے امریکہ میں دہشت پھیلانے کی سازشوں سے بچنے کے لیے ہمیں شام میں ایک کثیرالملکی زمینی فوج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظریہ معصوم ذہنوں کو تشدد اور نفرت کے اقدام پر اکساتا ہے۔

XS
SM
MD
LG