رسائی کے لنکس

نائجیریا: انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر امریکی تشویش


نائجیریا
نائجیریا

جمعے کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکہ کو اِن قابل یقین الزامات پر ’سخت تشویش‘ ہے، جِن میں بتایا گیا ہے کہ نائجیریا کی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے

نائجیریا میں ہونے والی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بظاہر امریکہ کا لہجہ تلخ ہوتا نظر آرہا ہے، ایسے میں جب یہ افریقی ملک اپنے شمالی علاقے میں مذھبی شدت پسندی کا قلع قمع کرنے کی کارروائی کر رہا ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران، سلامتی سے متعلق معاملات میں تعاون بڑھا ہے، اور اسی برس امریکہ نے فوجی اعانت، تربیت اور تعلیم کے شعبوں میں نائجیریا کو تقریباً 20لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

تاہم، امریکی محکمہٴخارجہ نے شمال میں سخت گیر ہتھکنڈے اپنانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مداوا کرنے میں ناکامی پر نائجیریا کو متنبہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ باتیں مستقبل میں سکیورٹی کے حوالے سے دی جانے والی امریکی امداد پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔

جمعے کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکہ کو اِن قابل یقین الزامات پر ’سخت تشویش‘ ہے، جِن میں بتایا گیا ہے کہ نائجیریا کی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اِن خلاف ورزیوں کے نتیجے میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ آرہا ہے اور انتہا پسندی کو شہ مل رہی ہے۔

اِس سے قبل سامنے آنے والے امریکی بیانات کے برعکس، حالیہ بیانات میں نائجیریا کے ساتھ امریکی ساجھے داری کا کوئی براہِ راست ذکر نہیں کیا گیا۔

افریقی ممالک میں، نائجیریا سب سے زیادہ امریکی امداد حاصل کرنے والا دوسرا ملک ہے، جسے سالانہ 60کروڑ ڈالر کی اعانت وصول ہوتی ہے، جس میں سے ایک کثیر رقم صحت، حکومتی انتظام اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فراہم کی جاتی ہے۔

ساتھ ہی، امریکہ نائجیریا کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، اور وہ نائجیریا سے درآمد کیا جانے والا 40 فی صد خام تیل خریدتا ہے۔
XS
SM
MD
LG