رسائی کے لنکس

امریکہ پر دہشت گرد حملوں کی نویں برسی


اس مرتبہ نائن الیون کی برسی ایک ایسے موقع پر منائی جارہی ہے جب امریکہ میں مسلمانوں کی ایک تنظیم کی طرف سے دہشت گرد حملوں کا شکار ہونے والی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت کے مقام سے کچھ فاصلے پر ایک مسجد اور ثقافتی مرکز تعمیر کرنے کے مجوزہ منصوبے پر تنازع نے ماحول کو کشیدہ کر رکھا ہے۔

امریکہ پر گیارہ ستمبر 2001 ء کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو ہفتہ کے روز نو سال مکمل ہو جائیں گے۔

القاعد ہ سے تعلق رکھنے والے ہائی جیکروں کے ان منظم حملوں میں ہلاک ہونے والے لگ بھگ تین ہزار افراد کی یاد میں نائن الیون کی برسی کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

ہائی جیکروں نے چار مسافر طیاروں پر قبضہ کرنے کے بعد اُن میں سے دو کو نیویارک شہر میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جڑواں عمارتوں سے ٹکرادیا جس سے ایک سو دس منزلوں پر مشتمل یہ بلند وبالا عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں۔

امریکہ کے اس تجارتی مرکز میں کام کرنے والے ملازمین اور واقعے کے فوراََ بعد امدادی کارروائیوں کے لیے وہاں پہنچنے والے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئی۔

اغواء کیے گئے تیسر ے جہاز کا نشانہ واشنگٹن کے نواح میں امریکی فوج کا ہیڈکوارٹر ، پنٹاگون، بنا جبکہ چوتھا جہاز ہائی جیکروں اور مسافروں کے درمیان ہونے والی کشمکش کے دوران ریاست پنسلوینیا کے شینکسولی کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس جہاز کی منزل بھی واشنگٹن تھی۔

صدر باراک اوباما ہفتہ کو پنٹاگون میں ایک خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ نائب صدر جو بائیڈن نیویارک میں منعقد کی جانے والے تقریب میں شامل ہوں گے۔

خاتون اول میشیل اوباما اور سابقہ امریکی خاتون اول لارا بش شینکسولی میں ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کریں گی۔

اس مرتبہ نائن الیون کی برسی ایک ایسے موقع پر منائی جارہی ہے جب امریکہ میں مسلمانوں کی ایک تنظیم کی طرف سے دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہونے والی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت کے مقام سے کچھ فاصلے پر ایک مسجد اور ثقافتی مرکز تعمیر کرنے کے مجوزہ منصوبے پر تنازع نے ماحول کو کشیدہ کر رکھا ہے۔

منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ مسجد اور ثقافتی مرکز کی تعمیر نائن الیون کے حملوں میں مرنے والوں کی توہین کے مترادف ہے جبکہ اس کے حامیوں کا موقف ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مغر ب اور اسلامی دنیا کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ گراؤنڈ زیرو کے قریب عبادت گاہ کی تعمیر کے مسلمانوں کے حق کی حمایت کرتے ہیں لیکن وہ اس فیصلے کی” دانش “پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیں گے۔

ناقدین ، بشمول اپوزیشن رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے صدر پر الزام لگایا ہے کہ انھیں نائن الیون کے واقعات کا شکار ہونے والے خاندانوں کے جذبات کا احساس نہیں۔

نائن الیون کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نیویارک میں گراؤنڈ زیرو کے مقام پر ایک میوزیم اور یادگار بھی تعمیر کی جا رہی ہے ۔ 2008 ء میں امریکی وزارت دفاع پنٹاگون کے احاطے میں ایک یادگار کا افتتاح کیا گیا تھا جبکہ ریاست پنسلونیامیں بھی جس مقام پر ہائی جیک ہونے والا جہاز گرا تھا وہاں بھی ایک قومی یادگار کی تعمیر جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG