رسائی کے لنکس

جنگ کے دوران لاپتہ امریکی فوجیوں کی باقیات کے حصول پر بات چیت


جنگ کے دوران لاپتہ امریکی فوجیوں کی باقیات کے حصول پر بات چیت
جنگ کے دوران لاپتہ امریکی فوجیوں کی باقیات کے حصول پر بات چیت

کوریائی جنگ کے دوران لاپتہ ہو جانے والے امریکی فوجیوں کی باقیات تلاش کرنے کی کوششوں کی ممکنہ بحالی پر امریکہ اور شمالی کوریا کے حکام منگل کو بنکاک میں ملاقات کررہے ہیں۔

امریکی فوج کی ایک ترجمان کے مطابق یہ ملاقاتیں دو سے تین روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ امریکی وفد کی سربراہی نائب وزیردفاع رابرٹ نیو بیری کررہے ہیں۔

شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے تناظر میں کشیدگی کے باعث اپنے اہلکاروں کی حفاظت سے متعلق تحفظات کی وجہ سے امریکہ نے 2005ء میں تلاش کا یہ کام معطل کردیا تھا۔ پینٹا گون نے یہ نہیں بتایا کہ اب یہ مذاکرات کیوں بحال کیے جارہے ہیں لیکن اس کا کہنا تھا کہ بات چیت کا تعلق کسی اور معاملے سے نہیں ہے۔

امریکہ اور جنوبی کوریا نے حالیہ مہینوں میں شمالی کوریا سے سفارتی روابط میں اضافہ کیا ہے۔

شمالی اور جنوبی کوریا کے جوہری سفارتکاروں کے درمیان جولائی سے لے اب تک براہ راست بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں جس کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر چھ ملکی مذاکرات کی ممکنہ بحالی ہے۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین جولائی میں نیویارک میں بات چیت کا ایک دور ہوچکا ہے۔ جنوبی کوریا کی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دوسرا دور رواں ماہ کے اواخر میں ہوگا۔

امریکہ نے ویتنام کی جنگ میں لاپتہ ہوجانے والے اپنے سپاہیوں کی باقیات تلاش کرنے کے لیے حالیہ مہینوں میں بھرپور کوششیں کی ہیں جس کے بعد ماضجی میں ایک دوسرے کی سخت مخالف سمجھی جانے والی دونوں حکومتوں کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق کوریائی جنگ کے بعد 5500 امریکی اہلکاروں کو شمالی کوریا میں دفن کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG