رسائی کے لنکس

صحت عامہ، آن لائن تکنیکی مسائل پر صدر اوباما کا اظہارِ مایوسی


یہ ویب سائٹ صدر کے 2010ء کے ’اِفرڈ ایبل کیئر ایکٹ‘ کا ایک کلیدی جُزو ہے، جس پروگرام کو عرف عام میں ’اوباما کیئر‘ کہا جانے لگا ہے، جس کا مقصد امریکیوں کے نجی صحت کے بیمے کی سہولت کو آسان بنانا ہے

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اُن کی انتظامیہ کی صحت عامہ کی نگہداشت سے متعلق دستیاب نئی آن لائن سہولت میں درپیش آنے والے تکنیکی مسائل کو دیکھ کر اُنھیں مایوسی ہوئی ہے۔ تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ نظام کے تکنیکی مسائل جلد دور ہو جائیں گے اور یہ کہ جس قانون کو مدِ نظر رکھ کر اِسے تشکیل دیا گیا ہے، وہ امریکیوں کے لیے سومند ثابت ہوگی۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس کے ’روز گارڈن‘ سے اپنے خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا کہ اُن سے بڑھ کر کس کو زیادہ دکھ ہوگا کہ ’ہیلتھ کیئر ڈاٹ گَو‘ سائٹ یکم اکتوبر کے روز آغاز سے ہی مناسب طور پر کام نہیں کر رہا۔

یہ ویب سائٹ صدر کے 2010ء کے ’اِفرڈ ایبل کیئر ایکٹ‘ کا ایک کلیدی جُزو ہے، جس پروگرام کو عرف عام میں ’اوباما کیئر‘ کہا جانے لگا ہے، جس کا مقصد امریکیوں کے نجی صحت کے بیمے کی سہولت کو آسان بنانا ہے۔

انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو اکاؤنٹ کھولنے میں دقت درپیش رہی ہے، اُنھیں شش و پنج میں ڈالنے والے پیغامات موصول ہوتے رہے ہیں، یا پھر پیجز تاخیر سے لوڈ ہوتے ہیں یا جواب موصول ہونے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ ویب سائٹ کو تیز تر اور بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے نجی شعبے کے بہترین کاریگروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ ’اِفرڈایبل کیئر ایکٹ‘ ایک ’عام سی ویب سائٹ ‘نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ری پبلیکنز کی طرف سے مخالفت کے باوجود، لوگوں نے اِس کی دستیابی کے لیے تگ و دو کی، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ امریکی جن کے پاس صحت انشورنس کی سہولیت نہیں ہے، اُنھیں بھی دیگر لوگوں کی طرح ’معیاری‘ اور ’قابلِ برداشت‘ صحت عامہ کی سہولتیں دستیاب ہوں۔


سینیٹ میں ری پبلیکن پارٹی کے اقلیتی راہنما، مِچ مکونیل نے ٹوئٹر پر شائع کیے گئے ایک پیغام میں مسٹر اوباما کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’اوباماکیئر‘ بہت ہی مہنگا سودا ہے، اور جس طرح کا وعدہ کیا گیا تھا یہ اُس طرح کی کارکردگی نہیں دکھا رہا ہے۔

مکونیل نے ریپبلیکنز کی طرف سے تاخیر کرنے سے متعلق صدر سے کیے گئے مطالبوں کا بھی اعادہ کیا، جسے، اُنھوں نے، ’عجلت میں کی گئی کوشش‘ قرار دیا۔
XS
SM
MD
LG