رسائی کے لنکس

دنیا آزادی کے لیے کوشش کرنے والوں کا ساتھ دے: اوباما


صدر اوباما نے یوکرین کے نو منتخب صدر پیٹرو پوروشنکو سے ملاقات کی اور یوکرین کی سکیورٹی فورسز کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی غیر مہلک امداد کا اعلان کیا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ دنیا "آزادی کے لیے کوشش کرنے والوں کا ساتھ" دے۔

بدھ کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں "یوم آزادی" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں روس کے "سیاہ اقدامات" کے خلاف اب آزاد دنیا متحد ہے۔

"ہم سب اکٹھے کھڑے ہیں کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ لوگوں اور قوموں کو اپنی منزل کے تعین کا حق حاصل ہے۔۔۔اس میں یوکرین کے لوگ بھی شامل ہیں۔ ہم کرائمیا پر روس کے قبضے یا یوکرین کی خودمختاری کی خلاف ورزی کو قبول نہیں کریں گے۔"

اس خطاب سے قبل صدر اوباما نے یوکرین کے نو منتخب صدر پیٹرو پروشینکو سے ملاقات کی اور یوکرین کی سکیورٹی فورسز کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی غیر مہلک امداد کا اعلان کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بڑی قوموں کو چھوٹوں پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرنی چاہیے اور یوکرین کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا قابل ہونا چاہیئے۔

صدر نے اس موقع پر اپنے نیٹو اتحادیوں کے لیے امریکی عزم کو بھی دہرایا۔

"کسی ایک پر حملہ سب پر حملہ ہے۔۔۔ ہم سب ساتھ ہیں، اس وقت اور ہمیشہ کے لیے اپنی اور آپ کی آزادی کے لیے۔ پولینڈ کبھی اکیلا نہیں ہوگا، ایستونیا کبھی تنہا نہیں ہوگا، لٹویا، لیتھووینیا اور رومانیہ کبھی تنہا نہیں ہوں گے۔"

صدر اوباما یورپ کے تین ملکوں کے دورے پر ہیں اور بدھ کو ہی وہ برسلز روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ گروپ سیون کے رہنماؤں کی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG