رسائی کے لنکس

امریکی بزرگوں کےلیے اولڈہومزکیوں؟


امریکی بزرگوں کےلیے اولڈہومزکیوں؟
امریکی بزرگوں کےلیے اولڈہومزکیوں؟

اس ‘ہیلو امریکہ’ میں کراچی کے محمد عارف کا امریکی بزرگ افراد کی اولڈ ہومز میں رہائش کی وجہ معلوم کرنےکے بارے میں سوال شامل کیا گیا ہے۔ محمد عارف کے خیال میں مشرق کے مقابلے میں جہاں اولاد اپنے والدین کا زیادہ خیال رکھتی ہے امریکہ میں بزرگ والدین کو اِس لیے ایسے اداروں میں رہائش اختیار کرنی پڑتی ہے کیونکہ اُن کے بچے اُن سے اتنی محبت نہیں کرتے۔ عارف جاننا چاہتے ہیں کہ اولڈ ہومز میں رہنے والے امریکی والدین اپنے بچوں کی طرف سے انہیں عمر کے اُس حصے میں چھوڑ دینے کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے واشنگٹن میں واقع نول ووڈ (Knollwood Retirement Community) نامی اولڈ ہوم میں پچھلے دس سال سے رہائش پذیر ورجینیا کلائین وجوہات بتاتی ہیں جن کے باعث انہوں نے اپنے بچوں کے ساتھ رہنے کی بجائے یہاں رہنے کو ترجیح دی ۔ ورجینیا کے خیال میں وہ امریکی والدین جو ایسے اداروں میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں اس کی بڑی وجہ ان کا اور ان کے جیسے دوسرے والدین کا اپنے بچوں پر بوجھ نہ بننے کا خیال ہوتا ہے ۔ چونکہ، امریکہ میں اکثر اوقات لوگ پہلے سے ہی اپنی خاندانی اور پیشہ وارانہ ذمے داریوں کے باعث مصروف ہوتے ہیں ان سے اپنے والدین کی مناسب دیکھ بھال کی توقع کرنا ورجینیا کے خیال میں انصاف نہیں ۔ ان کے مطابق نول ووڈ میں جہاں وہ رہائش پذیر ہیں انہیں نہ صرف مناسب دیکھ بھال ملتی ہے بلکہ اپنے ہی جیسے ریٹائرڈ لوگوں کا ساتھ بھی میسر آتا ہے ۔ اس کے علاوہ ان تمام افراد کو مختلف تفریحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کا موقع ملتا ہے جن کے لیے وقت نکالنا شاید ان کے بچوں کےلیے ممکن نہ ہوتا ۔ اس سیگمنٹ میں نول ووڈ کی انتظامیہ کی ایک اعلیٰ عہدیدار جیسی فلاورز سے بھی اس بارے میں رائے لی گئی ۔جیسی فلاورز کی رائے میں نول ووڈ جیسے اداروں میں رہائش ریٹائرڈ اور بزرگ افراد کو مناسب دیکھ بھال کے ساتھ خود مختاری اور دوسروں پر بو جھ نہ ہونے کا احساس بھی فراہم کرتی ہے ۔


XS
SM
MD
LG