رسائی کے لنکس

تعلیم کے فروغ کے لیے 1.7 ارب روپے کی امریکی سرمایہ کاری


تعلیم کے فروغ کے لیے 1.7 ارب روپے کی امریکی سرمایہ کاری
تعلیم کے فروغ کے لیے 1.7 ارب روپے کی امریکی سرمایہ کاری

امریکہ نے پاکستان بھر میں بچوں سے متعلق چار سالہ تعلیمی پروگرام کے لیے رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کوایک ارب 70کروڑ روپے ( دوکروڑ ڈالر) کی اعانت فراہم کی ہے۔ رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ اس پروگرام کے تحت وزرات تعلیم اور وزرات اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے زبان، مسائل کے حل اور تجزیاتی غوروفکر کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایک ملٹی میڈیا پروگرام وضع کرے گا۔

جمعہ کو امریکہ سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق معاہد ے پر دستخط کرنے کے بعد امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے قائم مقام مشن ڈائریکٹر لارنس ہارڈی نے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی ماہرین تعلیم و ابلاغیات کو اپنے ملک میں بچوں کو تعلیمی مواد فراہم کرنے کا ایک نیا ذریعہ میسر آئے گا۔

اس تعلیمی پروگرام کے تحت پتلیوں کے ذریعے دکھائی جانے والی ٹیلی ویژن کی نشریات ، اسی طرح کے کرداروں پر مبنی ریڈیو پروگرا م اور ایک متحرک ویب سائٹ شام ہے جس کے ذریعے بچے اپنی پسندیدہ پتلیوں سے میل جول رکھ سکیں گے۔

بیان کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے گاڑیوں میں قائم کیے گئے تھیٹروں سے برا ہ راست پروگرام دوردراز کے دیہی علاقوں بشمول لڑائی سے متاثرہ اضلاع میں دکھائے جائیں گے ۔ اس پروگرام کے ذریعے 30 ضلعی سفیروں کو پہلے سے ریکارڈ شدہ پتلی پروگرام لیپ ٹاپ کمپیوٹر پر دکھانے کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

رفیع پیر تھیٹر کے فیضان پیرزادہ نے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کہا کہ اس حجم کا منصوبہ پاکستانی بچوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پاکستانی بچے چار سال اور متوقع طور پر اس سے زیادہ عرصے تک تخلیقی تدریس پر مبنی اس غیر رسمی پروگرام کے ساتھ بڑے ہوں گے۔

رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ گذشتہ 35 سالوں سے ٹیلی ویژن اور ریڈیو پروگرام، پتلی تماشے ، تھیٹر اور فنون لطیفہ کے میدان میں سرگرم عمل ہے ۔ وہ پروڈکشن اور ڈیزائنگ میں سی سیم ورکشاپ( سابقہ چلڈرنز ٹیلی ویژن ورکشاپ) سے بھی مدد لیں گے جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے۔

XS
SM
MD
LG