رسائی کے لنکس

امریکہ: جہاز کے حادثے میں چار ہلاک، ایک بچی معجزانہ طور پر بچ گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیون کاؤنٹی کے ایک رہائشی نے پولیس کو فون پر بتایا کہ ایک سات سالہ لڑکی اس کے گھر پہنچی ہے اور وہ ایک طیارے کے حادثے کے بارے میں بتا رہی ہے۔

امریکہ میں ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں کم ازکم چار افراد ہلاک ہوگئے لیکن اس میں ایک بچی معجزانہ طور پر بچ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو امریکی ریاست کینٹکی پر سے پرواز کے دوران پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنڑولر کو بتایا کہ جہاز کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کے بعد اس کا رابطہ ٹاور سے منقطع ہو گیا۔

اس واقعے کے نصف گھنٹے بعد لیون کاؤنٹی کے ایک رہائشی نے پولیس کو فون پر بتایا کہ ایک سات سالہ لڑکی اس کے گھر پہنچی ہے اور وہ ایک طیارے کے حادثے کے بارے میں بتا رہی ہے۔

کینٹکی پولیس کے ایک افسر ڈین پیٹرسن کا کہنا تھا کہ " لڑکی ملبے سے خود ہی نکلی اور قریب واقع رہائشی علاقے تک پہنچ کر اس نے اس حادثے کے اطلاع دی۔"

ان کا کہنا تھا کہ اس بچی کا زندہ بچنا ایک معجزہ ہے جب کہ جہاز پر سوار دیگر چار افراد حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

حکام کے بقول بچی کو زخم آئے ہیں لیکن ان کی نوعیت شدید نہیں اور اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بعد ازاں حکام نے کینٹکی جھیل کے قریب جنگلاتی علاقے میں طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا اور اس سے چار لاشیں برآمد کیں۔

ہوا بازی کے محکمے کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ جہاز فلوریڈا کے ٹالاہاسی ایئرپورٹ سے الینوئے میں ماؤنٹ ورنن جا رہا تھا۔

ہلاک ہونے والوں کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ان میں زخمی لڑکے کا والد، والدہ ایک بہن اور ایک رشتے دار لڑکی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG