رسائی کے لنکس

دس ڈالر کے نوٹ پر خاتون کی تصویر چھاپنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وٹ پر چھاپنے کے لیے خاتون شخصیت کے انتخاب کے لیے محکمہ خزانہ ایک میڈیا مہم چلائے گا اور عوامی اجلاس منعقد کرے گا۔ حتمی فیصلے کا اعلان اس سال میں کسی وقت کیا جائے گا۔

امریکہ دس ڈالر کے نوٹ پر 2020ء تک ایک اہم امریکی خاتون شخصیت کی تصویر چھاپے گا۔

نئی تصویر امریکہ کے پہلے وزیرِ خزانہ الیگزینڈر ہملٹن کی جگہ لے گی، جن کی تصویر 1920 کی دہائی سے دس ڈالر کے نوٹ پر شائع کی جا رہی ہے۔

نئے ڈیزائن کی کرنسی کا اجرا عورتوں کو ووٹ کا حق دینے والی آئینی ترمیم کی رسمی توثیق کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ خزانہ جیکب لیو نے بدھ کو نئے ڈیزائن کے منصوبے کا اعلان کیا۔ لیو نے کہا کہ نوٹ پر چھاپنے کے لیے خاتون شخصیت کے انتخاب کے لیے محکمہ خزانہ ایک میڈیا مہم چلائے گا اور عوامی اجلاس منعقد کرے گا۔ حتمی فیصلے کا اعلان اس سال میں کسی وقت کیا جائے گا۔

1896ء میں پہلے امریکی صدر کی اہلیہ مارتھا واشنگٹن کی تصویر ایک ڈالر کے سلور سرٹیفیکیٹ پر چھاپنے کے بعد کسی عورت کی تصویر امریکی کرنسی پر نہیں چھاپی گئی۔

بدھ کا اعلان انٹرنیٹ پر چلائی جانے والی ’’ویمن آن ٹوینٹیز‘‘ (بیس پر عورتیں) نام کی ایک مہم کے نتیجے میں کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بیس ڈالر کے نوٹ پر عورت کی تصویر چھاپی جائے، جس پر اس وقت امریکہ کے ساتویں صدر اینڈریو جیکسن کی تصویر ہے۔

بہت سے لوگوں نے جیکسن کی جگہ سیاہ فام خاتون ہیریٹ ٹبمین کا انتخاب کیا تھا، جنہوں نے غلامی سے فرار ہونے کے بعد آنے والے برسوں میں سول جنگ کے دوران ہزاروں دوسرے غلاموں کو آزاد ہونے میں مدد دی تھی۔

وزیرِ خزانہ لیو نے کہا کہ دس ڈالر کے نوٹ کا اس لیے انتخاب کیا گیا کیونکہ اس کے نئے ڈیزائن کی باری تھی۔ نئی تصویر کے ساتھ دوبارہ ڈیزائن کیے گئے نوٹ میں نئی حفاظتی خصوصیات بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں جن کے باعث اس جیسے نقلی نوٹ بنانا اور بھی مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے ڈیزاین کے دس ڈالر کے نوٹ پر الیگزینڈر ہملٹن کی تصویر کسی نہ کسی شکل میں موجود رہے گی۔

XS
SM
MD
LG