رسائی کے لنکس

ری پبلیکنز کا صدارتی امیدوار کون ہوگا؟


ری پبلیکنز کا صدارتی امیدوار کون ہوگا؟
ری پبلیکنز کا صدارتی امیدوار کون ہوگا؟

امریکہ کےاگلے صدارتی انتخابات میں اب ایک سال سے کچھ زیادہ عرصہ باقی رہ گیا ہے، لیکن صدر اوباما کے مقابلے پر کھڑا کرنے کے لئے کسی موزوں ری پبلکن امیدوار کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ حال ہی میں امریکی ریاست نیو جرزی کے گورنر کرس کرسٹی نے صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہونے سے انکار کر کے ریپبلکن پارٹی کے ان حلقوں کو مایوس کر دیا ہے جو موجودہ امیدواروں سے مطمئن نہیں۔

امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی اپنی صاف گوئی کے لئے پہچانے جاتے ہیں اور صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں نہ اترنے کاان کا اعلان بھی یہی ثابت کرتا ہے ۔

کرس کرسٹی کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے ۔

کرس کرسٹی کو اپنی ریاست کے اخراجات میں کمی کے لئے کسی تنقید کی پروا نہ کرنے پر قدامت پسند ریپبلکن حلقوں میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں ریاست کیلی فورنیا کی رونلڈ ریگن صدارتی لائبریری کے دورے میں لوگوں نے انہیں امریکہ کے اگلے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا مشورہ دیا تھا ۔

کرس کرسٹی کی جانب سے ریپبلکن صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے باہر رہنے کا اعلان امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور ٹی وی چینل اے بی سی کے اس سروے کے بعد آیا ہے ، جس کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے ایک اور متوقع امیدوار اور ٹیکساس کے گورنر رک پیری کی مقبولیت ریاست میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی سے کم ہو گئی ہے ، جبکہ ایک غیر معروف کاروباری شخصیت ہر مین کین کی مقبولیت رک پیری کے برابر آگئی ہے ۔

امریکہ کے سیاسی رجحانات پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کرس کرسٹی اگر صدارتی امیدواری کے دوڑ میں شامل ہوبھی جاتے تو انہیں اتنے کم وقت میں الیکشن کے لئے فنڈز جمع کرنے اور تنظیم سازی میں کئی مشکلات کا سامنا ہوتا ۔ ریاست فلوریڈا میں صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لئے جنوری کے آخر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ جس کا مطلب ہے کہ دیگر امریکی ریاستوں کو بھی اپنے ابتدائی مرحلے کی پرائمریز کا انعقاد وقت سے پہلے کرنا ہوگا ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ریپبلکن پارٹی کی طرف سے کسی مضبوط امیدوار کی تلاش میں مایوسی کا یہ مرحلہ صدر اوباما کے لئے ایک نیا موقعہ ہو سکتا ہے، جن کی مقبولیت کا گراف مسلسل نیچے گر رہا ہے ۔ اور انہوں نے اس ہفتےایک انٹرویو کے دوران یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ امریکہ کے اگلے صدارتی انتخاب کے زیادہ مضبوط امیدوار نہیں ہونگے ۔

XS
SM
MD
LG