رسائی کے لنکس

ٹرمپ افریقی امریکیوں کی حمایت کے حصول میں کوشاں


دوسری طرف جمعہ کو ہی ٹرمپ کی مہم کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ان کی مہم کے چیئرمین پال مانفورٹ مستعفی ہو گئے ہیں۔

ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے افریقی امریکی ووٹروں کو ہیلری کلنٹن سے دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ہیلری جیسے ڈیموکریٹ ان کے ووٹوں کو اہمیت نہیں دیتے۔

ریاست مشی گن کے قصبے ڈیمانڈیل میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے ڈیٹرائٹ شہر کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹ کس طرح شہری علاقوں کو نظر انداز کرتے رہے ہیں۔ ڈیٹرائٹ ڈیمونڈیل سے ایک سو پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ "دیکھیں کس طرح ڈیموکریٹک پارٹی کے دور میں افریقی امریکیوں کو نظر انداز کیا گیا"۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیٹرائیٹ کی چالیس فیصد آبادی غربت کا شکار ہے اور شہر کی نصف آبادی بے روزگار ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالات کو تبدیل کرنے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے قیادت کی تبدیلی۔

"جو تکلیف پہنچتی ہے، میں کہوں گا۔ ایک نئی (قیادت) کو آزمانے میں کیا نقصان ہو سکتا ہے، ٹرمپ جیسی؟ " انہوں نے پوچھا "آپ غربت کی زندگی بسر کر رہے ہیں، آپ کے اسکول اچھے نہیں ہیں۔ آپ کے پاس روزگار نہیں ہے، آپ کے نوجوانوں کی 58 فیصد تعداد بے روزگار ہے تو پھر آپ کو کس چیز کے کھونے کا ڈر ہے؟"

ٹرمپ نے اقتصادی مشکلات کی وجہ آزاد تجارتی معاہدے کو قرار دیا اور اپنی مہم کی تقریروں میں اکثر وہ اس بات کا ذکر کرتے ہیں۔

انھوں نے ہیلری کلنٹن پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاہ فام نوجوانوں کے مقابلے میں پناہ گزینوں کو روزگار دینا چاہتی ہیں۔

ہیلری کلنٹن نے ٹرمپ کی تقریر کے اقتباسات کو دوبارہ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کتنا نادان ہے، کتنی حیران کن ( بات) ہے"۔

عوامی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ کو سیاہ فام ووٹروں کی توجہ اور حمایت حاصل کرنے کے لیے بہت سخت محنت کرنی ہو گی۔ تاہم ٹرمپ نے جمعہ کو وعدہ کیا کہ اگر وہ منتخب ہو جاتے ہیں تو ان کی پہلی صدارتی مدت کے اواخر میں "میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں میں افریقی امریکیوں کے 95 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر لوں گا "۔

دوسری طرف جمعہ کو ہی ٹرمپ کی مہم کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ان کی مہم کے چیئرمین پال مانفورٹ مستعفی ہو گئے ہیں۔

مانفورٹ کا کردار اس وقت کم ہو گیا تھا جب رواں ہفتے ٹرمپ نے اپنی مہم کا نیا چیف ایگزیکٹو اور مینیجر مقرر کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد عوامی جائزوں میں ان کی کم ہوتی ہوئی مقبولیت کو بہتر کرنا ہے جو ریپبلکن رہنماؤں کی تشیویش کا باعث بنی ہے۔

مانفورٹ کا روس نواز یوکرین کے سابق صدر وکٹر یونکووچ کے لیے کام کرنے کے حوالے سے بھی خبروں میں چرچا رہا کہ انھوں نے مبینہ طور پر لاکھوں ڈالر خففیہ طور پر وصول کیے۔ مانفورٹ اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ انھوں نے کوئی بھی رقم نقد میں غلط طریقے سے وصول نہیں کی۔

ٹرمپ کی مہم کا کہنا ہے کہ مانفورٹ نے اپنا استعفیٰ ٹرمپ کو پیش کیا جسے قبول کرتے ہوئے انھوں نے ریپبلکن کنویشن کے دوران ان کئ کام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ " ایک اچھی پیشہ وارانہ صلاحیت کے حامل ہیں۔"

دوسری طرف ٹرمپ نے جمعہ کو سیلاب سے متاثرہ امریکی کی جنوبی ریاست لوزیانا کا دورہ کیا۔ ٹرمپ اور نائب صدارتی اُمیدوار مائیک پینس گاڑی پر سیلاب سے متاثر علاقوں سے گزرے اور ریاست کے دارالحکومت بیٹن روج میں قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے رضارکاروں سے بھی ملاقات کی ۔

اس دورہ کے بارے میں جاری کی گئی وڈیو میں ٹرمپ ایک ٹرک سے امدادی سامان اتارتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

لوزیانا کی ریاست کے ڈیموکریٹ گورنر جان بیل ایڈورڈز نے کہا کہ انہیں ٹرمپ کے دورے سے مطلع نہیں کیا گیا تھا اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صرف تصویر بنوانے کے لیے یہاں نہیں آئے ہوں گے۔

ایڈورڈز نے کہا کہ "اس کی بجائے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اس طوفان کے متاثرین کے مدد کے لیے ،رضاکارانہ ( کام) یا ایک قابل ذکر امدد دینے پر غور کریں گے"۔

ہیلری نے کہا کہ انھوں نے ایڈروڈز سے بات کی ہے اور انہوں نے ایک ای میل میں اپنے حامیوں پر زور دیا کہ لوزیانا کی امدادی کوششوں میں عطیہ دیں۔

گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے بارشوں کی وجہ سے لوزیانا کے لوگوں کو ایک غیر معمولی سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور ہزاروں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے۔ ایک اندازے کے مطابق ان بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے چالیس ہزار گھر تباہ ہوئے۔

XS
SM
MD
LG