رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی انتخاب: ری پبلکن امیدواروں کی مہم تیز


امریکی صدارتی انتخاب: ری پبلکن امیدواروں کی مہم تیز
امریکی صدارتی انتخاب: ری پبلکن امیدواروں کی مہم تیز

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق متوقع امیدواران کی مقبولیت میں ایک بار پھر تبدیلی آئی ہے اورمیساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی پھر سرِ فہرست آگئے ہیں

امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے امیدواران امریکی ریاست آئیووا میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں جہاں پانچ روز بعد امیدوار کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق متوقع امیدوارن کی مقبولیت میں ایک بار پھر تبدیلی آئی ہے اورمیساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی پھر سرِ فہرست آگئے ہیں۔

ایوانِ نمائندگان کے رکن رون پال عوام میں مقبولیت کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

تین جنوری کو ہونے والے 'آئیووا کاکس'سے قبل مِٹ رومنی اس وسطی امریکی ریاست میں بس کے ذریعے عوامی رابطہ مہم پر ہیں جب کہ رون پال عوامی حمایت سمیٹنے کے لیے ٹائون ہال کے مختلف اجلاسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن کی نامزدگی کے لیے کوشاں دیگر امیدواران، ایوانِ نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ، سابق سینیٹر رِک سینٹروم، ٹیکساس کے گورنر رک پیری اور ایوانِ نمائندگان کے رکن مچل بیچمن بھی جمعرات کو عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔

'سی این این'، 'ٹائم' اور 'اوآر سی' کی جانب سے مشترکہ طور پر کرائے گئے سروے کے مطابق رک سینٹورم کی مقبولیت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور اب وہ ری پبلکن امیدواران کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئیووا کے رائے دہندگان میں مٹ رومنی اور رون پال کے درمیان صرف چند پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے۔

ری پبلکن کے انتخابی امیدوار کی نامزدگی کا دوسرا مرحلہ نیو ہیمپشائر میں ہوگا جہاں رومنی کو دیگر امیدواران پر واضح سبقت حاصل ہے جب کہ یہاں بھی دوسرے نمبر پر رون پال ہیں۔

امکان ہے کہ رومنی اس ریاست کے 44 فی صد بنیادی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ان دونوں ریاستوں میں گنگرچ خاصے غیر مقبول ہیں جس کا بنیادی سبب ان کے مخالف امیدواران کی جانب سے چلائی جانے والی منفی تشہیر کی مہمات ہیں۔

گنگرچ مقبولیت کے اعتبار سے آئیووا میں چوتھے اور نیو ہیمپشائر میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

دیگر امیدواران کے برعکس چین میں امریکہ کے سابق سفیر جان ہنٹس مین نے اپنی تمام تر توجہ آئیووا کے بجائے نیو ہیمپشائر پر منعقد کر رکھی ہے اور مختلف انتخابی جلسے منعقد کر رہے ہیں۔ نیو ہیمپشائر میں 10 جنوری کو ووٹنگ ہوگی۔

XS
SM
MD
LG