رسائی کے لنکس

ریپبلکن جماعت کا دوسرا مباحثہ، ٹرمپ کا انداز دفاعی رہا


جائیداد کی خرید و فروخت کے کاروبار ’رئیل اسٹیٹ‘ سے وابستہ ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے مباحثے میں دیگر اُمیدواروں پر سبقت حاصل تھی۔ لیکن اُن کے مد مقابل دیگر امیدواروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ماضی کے قصے بیان کرتے ہیں۔

ریپبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی اُمیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسرے مباحثے میں بھرپور شرکت کی لیکن اُن کا انداز دفاعی رہا۔

جائزہ سروے کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ٹرمپ کی درجہ بندی میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا، لیکن کیلیفورنیا میں رونلڈ ریگن پرزیڈینشل لائیبریری میں صدارتی اُمیدوار کی نامزدگی کے حصول کے لیے 10 اُمیدواروں کے درمیان تین گھنٹے طویل مباحثے میں اُنھیں دیگر اُمیدواروں کی طرف سے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسرے مباحثے کا آغاز ایک بار پھر کچھ جارحانہ انداز میں کیا اور نامزدگی کے حصول کے لیے دیگر اُمیدوار پر طعنہ زنی بھی کی۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ تحمل مزاج شخصیت کے مالک ہیں اور اُن کے کاروباری ریکارڈ نے اُنھیں یہاں تک پہنچنے میں مدد کی۔

لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت ایک بار پھر مباحثے کا موضوع بنی۔ اُنھوں نے اس مباحثے میں شریک ایک خاتون اُمیدوار کیرلی فیورینا کے بارے میں کچھ ’اشتعال انگیز‘ جملے استعمال کیے جس پر اُنھیں دیگر اُمیدواروں کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

کیرلی کو اس مباحثے میں خاصی پزیرائی ملی۔

سابق صدر بش سینئیر کے بیٹے جیب بش اور ٹرمپ کے درمیان بھی سخت جملوں کو تبادلہ ہوا۔ جیب بش نے اپنی اہلیہ کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے پر ٹرمپ سے معذرت کا مطالبہ کیا۔

جیب بش کی اہلیہ میکسیکو نژاد امریکی شہری ہیں۔ ٹرمپ نے مباحثے کے دوران کہا تھا کہ مسٹر بش اپنی اہلیہ کی وجہ سے امریکہ کی امیگریشن پالیسی میں بہت نرمی کے خواہاں ہیں۔

لیکن ٹرمپ نے معذرت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں۔

جائیداد کی خرید و فروخت کے کاروبار ’رئیل اسٹیٹ‘ سے وابستہ ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے مباحثے میں دیگر اُمیدواروں پر سبقت حاصل تھی۔

لیکن اُن کے مد مقابل دیگر امیدواروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ماضی کے قصے بیان کرتے ہیں۔

ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں 17 امیدوار شامل ہیں لیکن مرکزی بحث میں سب سے مقبول دس امیدواروں کو شامل کیا گیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی امیدواروں کے درمیان مباحثوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلا ڈیموکریٹک مباحثہ 13 اکتوبر کو نیواڈا ریاست میں منعقد کیا جائے گا۔ سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن بھی ڈیموکریٹک اُمیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG