رسائی کے لنکس

امریکہ، روس کے درمیان شام سے متعلق معاہدے پر مذاکرات


ایش کارٹر نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’اگرچہ ہم شام میں پالیسی پر اتفاق نہیں کرتے مگر ہمیں کم از کم اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ ہمارے فضائی اہلکار محفوظ ہیں۔‘‘

امریکہ اور روس کے دفاعی حکام نے بدھ کے روز بھی شام میں فضائی کارروائیوں سے متعلق حفاظتی ضوابط پر مذاکرات کیے۔

امریکہ کے وزیر دفاع ایش کارٹر نے منگل کو کہا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے اور وہ جلد ہی اس پر معاہدہ طے پانے کی توقع کر رہے ہیں تاکہ روس اور امریکہ کے جہازوں کے درمیان ممکنہ فضائی تصادم سے بچا جا سکے۔

کارٹر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’اگرچہ ہم شام میں پالیسی پر اتفاق نہیں کرتے مگر ہمیں کم از کم اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ ہمارے فضائی اہلکار محفوظ ہیں۔ روس کو شام کی فضا میں پیشہ ورانہ طرزعمل اختیار کرنا چاہیئے اور بنیادی ضوابط کی پاسداری کرنی چاہیئے۔‘‘

روس کی وزارت دفاع نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے تجاویز کا ایک مسودہ تیار کیا ہے جو وہ امریکہ کو بھیج رہا ہے۔

کارٹر نے یہ بھی کہا کہ شام میں داعش کے خلاف امریکی مشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی مگر انہوں نے روس پر زور دیا کہ وہ’’ناکام ہوتی ہوئی حکمت عملی‘‘ کو چھوڑ دے جو ’’غلط سوچ پر مبنی اور کوتاہ اندیش‘‘ ہے۔

دریں اثنا شام میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹیفان ڈی مستورا امریکہ اور روس کو شام کے بحران کے وسیع سیاسی حل کی جانب کام کرنے پر آمادہ کرنے کی الگ کوششیں کر رہے ہیں۔ منگل کو وہ ماسکو میں حکام سے ملے اور بدھ کو واشنگٹن میں ان کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

روسی فضائی کارروائیوں نے شام کی حکومت کو باغیوں کے قبضے سے علاقے چھڑانے میں مدد دی ہے، جبکہ امریکہ نے اس کی مہم پر یہ کہہ کر تنقید کی ہے کہ یہ زیادہ تر ان جنگجوؤں کو نشانہ بنا رہی ہے جن کا تعلق داعش سے نہیں۔

’روئیٹرز‘ نے دو اعلیٰ علاقائی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شامی فوج جلد شمالی شہر حلب میں روسی فضائیہ اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کی مدد سے حملہ کرے گی۔

منگل کو ہی باغیوں نے شام کے دارالحکومت دمشق میں روسی سفارتخانے پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیا جس کا مقصد ان کے بقول ان لوگوں کو خوفزدہ کرنا ہے جو داعش کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔

جس وقت سفارتخانے پر دو راکٹ داغے گئے اس وقت سینکڑوں افراد سفارتخانے کے باہر دو ہفتوں سے جاری شام میں روسی کارروائیوں کی حمایت کے لیے جمع تھے۔

ادھر داعش کے ترجمان نے ایک آن لائن پیغام میں ’’ہر جگہ مسلمانوں‘‘ کو روس اور امریکہ کے خلاف "جہاد" کرنے کے لیے کہا ہے۔ داعش کے ترجمان ابو محمد العدنانی نے ایک آن لائن پیغام میں کہا کہ ’’روس کو شکست ہو گی۔‘‘

XS
SM
MD
LG