رسائی کے لنکس

نیٹو کی طرف سے روس امریکہ معاہدے کا خیر مقدم


نیٹو کے سربراہ نے امریکہ اور روس کے درمیان اسلحے کے کنٹرول کے نئے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ہفتے کے روز برسلز میں سیکیورٹی کے ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آندرس فو راس مسن نے کہا کہ یہ معاہدہ روس اور نیٹو کے ملکوں کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کے روز کہا کہ امریکہ اور روس لگ بھگ دو عشروں میں اسلحے کے کنٹرول کے سب سے جامع معاہدے پر متفق ہوئے ہیں۔

اس تاریخی معاہدے کے تحت دنیا کی دو سب سے بڑی جوہری طاقتیں طویل فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں تقریباً ایک تہائی تک کمی کریں گی۔

اس معاہدے کے لیے امریکی سینیٹ اور روسی پارلیمنٹ کی جانب سے توثیق درکار ہو گی۔

صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے روسی ہم منصب دیمتری میدویدیف New START معاہدے پر آٹھ اپریل کو دستخط کے لیے جمہوریہ چیک کے دار الحکومت پراگ میں ملاقات کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا غماز ہے کہ دونوں ملک جوہری خطرے کو کم کرنے کے لیے دنیا کی قیادت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

صدر میدویدیف کے ایک ترجمان نے روس کے خبر رساں ادارے انٹر فیکس کو بتایا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے مفادات میں توازن کا عکاس ہے۔

XS
SM
MD
LG