رسائی کے لنکس

امریکہ روس بات چیت میں اسنوڈن کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا


جان کیری اور امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل اپنے روسی ہم منصبوں سرگی لاروف اور سرگی شویگو سے واشنگٹن میں مذاکرات کریں گے۔

امریکی اور روسی وزراء خارجہ کے مابین جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری روس سے خفیہ معلومات افشاں کرنے والے ایڈورڈ اسنوڈن کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے۔

جان کیری اور امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل اپنے روسی ہم منصبوں سرگی لاروف اور سرگی شویگو سے واشنگٹن میں مذاکرات کریں گے۔

بات چیت میں شام، عالمی سلامتی اور انسانی حقوق سمیت دونوں ممالک کے لیے اہم تصور کیے جانے والے معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جن ساکی کا کہنا ہے کہ اسنوڈن کا معاملہ یقیناً زیرِ بحث آئے گا۔

روس کی جانب سے اسنوڈن کو پناہ دینے کا فیصلہ امریکہ کی برہمی کا سبب بنا۔

یہ اُن معاملات میں سے ایک ہے جو صدر براک اوباما کی اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوٹن سے آئندہ ماہ ماسکو میں ملاقات کی منسوخی کا سبب بنا۔

اُدھر امریکہ میں محفوظ ای میل سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’لاوابٹ‘ نے بظاہر حکومتی دباؤ کی وجہ سے اپنی سروس معطل کر دی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسنوڈن اس ہی سروس کو استعمال کرتے تھے۔

کمپنی کے مالک نے ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ قوانین کے باعث سروس کی معطلی کی وجوہات بتائی نہیں جا سکتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG