رسائی کے لنکس

امریکہ اورروس جوہری اسلحہ میں کمی کےسمجھوتے کے قریب ہیں: ہلری کلنٹن


امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ روس اور امریکہ جوہری ہتھیاروں میں کمی کرنے کے کسی سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے جمعے کے روزماسکو کے قریب روسی صدر دِمِتری مَیڈ وی ڈَیف سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ مذاکرات میں جو پیش رفت ہوئى ہے ، اُس سے دونوں فریقوں کی حوصلہ افزائى ہوئى ہے۔

یہ مذاکرات جوہری اور دورمار ہتھیاروں میں کمی کرنے کےلیے1991ء کے اُس سمجھوتے کی جگہ کوئى دوسرا سمجھوتا طے کرنے کے لیے ہورہے ہیں ، جِس کا مختصر نام سٹارٹ ہے اور جِس کی معیاد دسمبر میں ختم ہوگئى تھی۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ تمام بڑے بڑے مسائل کو سُلجھا لیا گیا ہے اور اب صرف تیکنیکی معاملات باقی رہ گئے ہیں۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن اور صدر مَیڈ وی ڈَیف نے ایران کے متنازع جوہری پروگرام کے سلسلے میں اُس ملک کے خلاف ممکنہ پابندیوں پر بھی غور کیا ہے۔

روسی وزیرِ خارجہ سرگئى لاف روف نے امریکی وزیرِ خارجہ کے ہمراہ نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مَیڈ وی ڈیف کا خیال ہے کہ پابندیاں شاذو نادر ہی کار گر ہوتی ہیں۔لیکن ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رکھنے کے لیے وہ اِنہیں خارج از امکان قرار نہیں دیتے۔

XS
SM
MD
LG