رسائی کے لنکس

لاپتہ ہونے والی امریکی ملا ح سے رابطہ بحال



بحر ہند میں اٹھنے والے سمندری طوفانوں میں لاپتہ ہونے والی اُس 16 سالہ امریکی لڑکی ایبی سینڈر لینڈ کو تلاش کر لیا گیا ہے جو تنہا ہی دنیاکے گرد چکر لگانے کی غرض سے سفر پر روانہ ہوئی تھی۔ ایبی سینڈرلینڈ سے تقریباً 20گھنٹوں تک رابطہ منقطع رہنے کے بعد ، اُس کی تلاش پر نکلے قوانٹس ائیر لائن ”Quatas Airline“ ہوائی جہاز سے دوبارہ رابطہ ہوگیا ہے۔

فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کا ریڈیو کے ذریعے رابطہ ہو گیا ہے اور وہ خریت سے ہے ۔ تاہم اُس کی کشتی کو نقصان پہنچا ہے جو اب بھی سمندر میں تیرنے کے قابل ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایبی کو اس بات سے آگاہ کردیا گیا ہے کہ اُس کی تلاش کے لیے کشتیاں بھی روانہ کی گئی ہیں۔

بحرہند میں بلند سمندری لہروں سے ایبی کی کشتی ٹکرانے کے باعث اُس کا سیٹلائٹ فون کھو گیا تھاجس کے بعد اُس کااپنے خاندان کے ساتھ رابطہ کٹ گیا تھا۔

ایبی سینڈرلینڈ نے آخری مرتبہ جمعرات کی صُبح مغربی امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اپنے خاندان سے سٹلائیٹ فون پر رابطہ کیا تھا۔ اُس کے بھائی، زیک سینڈر لینڈ، کا کہنا ہے کہ اُس کی بہن نے ٹیلی فون پر کیے گئے آخری رابطے کے فوراََ بعد دو ہنگامی سِگنلز متحرک کردیے تھے۔ ایبی کی کشتی آخری مرتبہ جس مقام پر موجود تھی وہ افریقہ اور آسٹریلیا سے تین ہزار کلومیٹر دور ہے۔

اُسے ڈھونڈنے کی مہم پر کشتیاں بحر ہند میں ایک فرانسی جزیرے ری یونین سے روانہ کی گئی تھیں جب کہ آسٹریلیا سے ایک ہو ائی جہاز بھی سینڈرلینڈ کی تلاش پر نکلا تھا جس سے اب ایبی کا رابطہ ہوگیا ہے۔

سینڈر لینڈ کے 17 سالہ بھائی زیک نے پچھلے سال دنیا کے گرد ایک ایسا ہی چکر کامیابی سے مکمل کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG