رسائی کے لنکس

نیویارک کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا


نیویارک کے گنجان آباد علاقے کوئنز میں سینڈی کے بعد
نیویارک کے گنجان آباد علاقے کوئنز میں سینڈی کے بعد

نیویارک کو آفت زدہ علاقہ قراردیے جانے کے بعد وفاقی ہنگامی فنڈز کو متاثرہ افراد کی مدد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

صدر براک اوباما نے ہری کین سینڈی کے نیویارک سے ٹکرانے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد اسے بڑے پیمانے پر تباہی کا نشانہ بننے والا علاقہ قرار دے دیا ہے۔ سینڈی نے نیویارک کے اہم تجارتی مرکز مین ہیٹن کو روند ڈالا اور وہاں کی شاہراہیں، گلیاں اور عمارتیں سیلابی ریلوں میں ڈوب گئیں اور شہر کے ایک بڑے حصے میں برقی رو معطل ہوگئی۔

نیویارک کو آفت زدہ علاقہ قراردیے جانے کے بعد وفاقی ہنگامی فنڈز کو متاثرہ افراد کی مدد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

پیر کی شام نیویارک کے جنوبی حصے سے ٹکرانے والے سمندری طوفان سینڈی کی قوت ،جس میں تیزرفتار ہواؤں کے جھکڑ بھی شامل تھے، اب گھٹنا شروع ہوگی ہے اور وہ تباہی پھیلانے کے بعد علاقے سے نکل رہاہے۔

موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اب بھی طوفانی جھکڑوں کی رفتار ایک سوکلومیٹر فی گھنٹہ کے لگ بھگ ہے اور وہ کینیڈا کی جانب بڑھ رہاہے ، جہاں وہ بدھ کو داخل ہوسکتا ہے۔

امریکہ کے انتہائی گنجان آباد علاقے نیویارک سے ٹکرانے والا سمندری طوفان سینڈی کی تیزہواؤں اور شدید بارشوں کےنتیجے میں بحراوقیانوس میں انتہائی بلند خطرناک لہریں پیدا ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق طوفان سے اس مشرقی ساحلی ریاست میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں درختوں کے گرنے اور ٹریفک کے حادثوں کے باعث ہوئیں۔

نیویارک میں سب سے زیادہ نقصان مین ہیٹن کو پہنچا جہاں چار میٹر تک بلند لہریں داخل ہونے سے آمد رفت میں شدید خلل پڑا اور دس لاکھ آبادی کا ایک حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔

ادھر نیو جرسی میں جوہری توانائی سے چلنے والے بجلی گھرنے پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ہائی لیول الرٹ جاری کردیا ہے۔

امریکی ریاست میری لینڈ اور کینیڈا کے علاقے ٹورانٹو سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔
XS
SM
MD
LG