رسائی کے لنکس

داعش ترجمان کی ہلاکت سے متعلق روسی دعویٰ مسترد: امریکہ


امریکہ نے کہا ہے کہ شام کے شہر ’الباب‘ پر فضائی کارروائی کے دوران اتحادی افواج نے عدنانی کو ہدف بنایا۔ پینٹاگان نے کہا ہے کہ فضائی حملے سے مرتب ہونے والے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے

ایک امریکی اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کا دعویٰ کہ شام میں داعش کے شدت پسند گروپ کے ترجمان کی ہلاکت اُس کی فضائی کارروائی سے واقع ہوئی ’’صریح جھوٹ‘‘ ہے۔

ایک بیان میں روس کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ منگل کے روز صوبہٴ حلب کے قریب بم حملے میں روسی لڑاکا طیاروں نے داعش کے 40 شدت پسندوں کو ہلاک کیا، جن میں ابو محمد العدنانی بھی شامل ہیں۔

امریکہ نے کہا ہے کہ شام کے شہر ’الباب‘ پر فضائی کارروائی کے دوران اتحادی افواج نے عدنانی کو ہدف بنایا۔ پینٹاگان نے کہا ہے کہ فضائی حملے سے مرتب ہونے والے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

روس شام کے سربراہ بشار الاسد کی حمایت میں بم حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

دولت اسلامیہ نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے صرف اتنا کہا تھا کہ اُن کی ہلاکت اُس وقت واقع ہوئی جب ’’وہ حلب کے خلاف فوجی کارروائی کو پسپا کرنے کے حوالے سے حربی معرکے کا جائزہ لے رہے تھے‘‘۔

ایک امریکی دفاعی اہل کار نے کہا ہے کہ عدنانی غیر ملکی لڑاکوں کے براہِ راست بھرتی کے کام سے وابستہ تھا؛ ساتھ ہی وہ شام اور عراق میں دولت اسلامیہ کے مضبوط ٹھکانوں کے باہر کلیدی حملوں سے متعلق احکامات جاری کیا کرتا تھا۔

XS
SM
MD
LG