رسائی کے لنکس

امریکی ریاست ٹینیسی میں سکول بس کے حادثے میں چھ بچے ہلاک


مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سے آخری بچے کو نکالنے میں دو گھنٹے کا وقت صرف ہوا۔

امریکہ کی ریاست ٹیننسی میں ایک بس کے حادثے میں چھ بچے ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق چٹانوگا کے علاقے میں پیر کی سہ پہر ووڈ مور ایلمنٹری اسکول سے یہ بس 35 بچوں کو لے کر جا رہی تھی کہ سڑک پر اچانک ایک طرف کو لڑھکنے کے بعد ایک درخت سے جا ٹکرائی۔ بس پر ابتدائی جماعتوں سے لے کر پانچویں جماعت تک کے بچے سوار تھے۔

چٹانوگا کے پولیس سربراہ فریڈ فلیچر نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ حادثہ بہت بھیانک تھا اور پولیس ڈرائیور سے اس کی بابت پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ان کے بقول اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ حادثے کا سبب بس کی رفتار تو نہیں تھی۔

قومی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے منگل کو ایک ٹیم چٹانوگا جائے گی۔

بس پر سوار 23 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن فلیچر نے ان کے زخموں کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سے آخری بچے کو نکالنے میں دو گھنٹے کا وقت صرف ہوا۔

مقامی آبادی کے لوگ زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کے لیے اسپتال کے باہر لمبی قطاروں میں کھڑے دکھائی دیے۔

ہملٹن کاؤنتی اسکولز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔

چٹانوگا کی نائب پولیس سربراہ ٹریسی آرنلڈ کا کہنا تھا کہ حادثے میں موت کا شکار ہونے والے بچوں کی شناخت اور عمروں کے بارے میں ان کے لواحقین کو مطلع کیے جانے سے پہلے جاری نہیں کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG