رسائی کے لنکس

متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے صدر اوباما کا دورہ نیو ٹاؤن


Connecticut / Shooting
Connecticut / Shooting

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق صدر اوباما اسکول سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور دیگر لواحقین کے لیے منعقدہ بین المذاہب تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما اتوار کو اسکول میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کے لیے ریاست کنیٹی کٹ کے علاقے نیوٹاؤن جائیں گے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما سینڈی ہُک ایلیمنٹری اسکول میں ہلاک ہونے والے لواحقین سے ملاقات کے علاوہ اس واقعے پر پہلے پہل کارروائی کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

بیان کے مطابق صدر اوباما اسکول سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور دیگر لواحقین کے لیے منعقدہ بین المذاہب تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل کنیٹی کٹ ریاست کی پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت جاری کی تھی۔ مرنے والوں میں چھ یا سات سال عمروں کی 12 لڑکیاں اور آٹھ لڑکے شامل تھے جو سب پہلی جماعت کے طلبا تھے۔ دیگر بالغ ہلاک شدگان میں سب کی سب خواتین تھیں۔

کنیٹی کٹ میں شعبہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار ایچ وائن کارور کا کہنا ہے کہ ان کے عملے نے پوری رات لگا کر فرانزک کا کام مکمل کیا۔ ان کے بقول ہلاک شدگان کی موت ’’بڑی بندوق‘‘ کی گولیاں لگنے سے ہوئی۔

جمعہ کی صبح ایک 20 سالہ نوجوان ایڈمز لینزا نے نیوٹاؤن کے اس اسکول میں زبردستی گھس کر فائرنگ کرکےبچوں سمیت 26 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔

پولیس تاحال اس واقعے کے محرکات بارے تحقیقات کر رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG