رسائی کے لنکس

قومی سلامتی کے لیے فوجی طاقت آخری چارہ کار: اوباما


اوباما انتظامیہ نےقومی سلامتی کی حکمت عملی کی اپنی نئی پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس میں بین الاقومی سفارتی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فوجی طاقت کو آخری چارہ کار کے طورپر استعمال کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

جمعرات کے روز 52 صفحات پر مشتمل جاری ہونے والی اس دستاویز میں صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ فوجی قوت کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے گریز کیا جائے۔ قومی سلامتی کا ایک وسیع ترجائزہ لیتے ہوئے مسٹر اوباما نے امریکی طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے اقتصادی بحالی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

قومی سلامتی کی حکمت عملی پر یہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی پہلی دستاویز ہے۔ کانگریس کوہر صدر کی جانب سے اس دستاویز کی ضرورت ہوتی ہے۔ آخری بار سابق صدر جارج ڈبلیو بس نے یہ دستاویز 2006 ءمیں جاری کی تھی۔

جمعرات کے روز واشنگٹن میں اس حکمت عملی پر تقریر کرتے ہوئے وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی اور باہمی اقتصادی انحصار دنیا کو ایک دوسرے کے بہت قریب لے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اوباما کا منصوبہ دنیا پر زیادہ جامع انداز میں نظر ڈالتے ہوئے تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG