رسائی کے لنکس

امریکہ بھر میں فوجی تنصیبات پر سیکورٹی ہائی الرٹ


فائل
فائل

ڈیلس میں خاکوں کی نمائش کی تقریب پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دو نوجوانوں کے داعش سے رابطے کے دعوے کے بعد، امریکی تحقیقاتی ادارے، ایف بی آئی نے ملک بھر میں فوجیوں اور پولیس افسران پر حملوں کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

داعش کے شدت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے ’ایف بی آئی‘ کی حالیہ رپورٹ کے بعد، امریکہ بھر میں فوجی اڈوں کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ڈیلس کارٹون نمائش پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دو نوجوانوں کے دولت اسلامیہ سے رابطے کے دعوے کے بعد امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ملک بھر میں فوجیوں اور پولیس افسران پر حملوں کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

فوجی تنصیبات پر سیکورٹی الرٹ کا یہ حکم ’یو ایس نادرن کمانڈ‘ کے سربراہ، ایڈمرل ولیم گورٹنی نے جاری کیا ہے۔

جمعرات کو ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمس کومے نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ میں داعش کے ہزاروں آن لائین پیروکار موجود ہو سکتے ہیں۔

بقول ان کے، ’سیکڑوں بلکہ ہزاروں لوگ ملک بھر میں ایسے ہیں جنھیں دہشت گردوں کی جانب سے آن لائن بھرتی کی پیشکش اور امریکہ میں حملوں کی ہدایات موصول ہو رہی ہیں۔ یقناً ہمیں عمومی تشویش ہے کہ داعش یونیفارم میں ملبوث فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بناسکتی ہے‘۔

گزشتہ ہفتے دو مسلح اشخاص نے ڈیلس کے نزدیک پیغمبر اسلام کے خاکوں پر مشتمل ایک نمائشی مقابلے پر فائرنگ کی تھی، جس کی ذمہ داری دولت اسلامیہ گروپ نے قبول کی تھی۔ لیکن، امریکی حکام نے واضح کیا تھا کہ ان کے اس دعوے کے شواہد ناکافی ہیں۔

وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کے مطابق، ایف بی آئی اور دیگر تحقیقاتی ادارے ابھی اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں آیا واقعی ان نوجوانوں کا داعش یا کسی بھی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم سے رابطہ رہا ہے۔

پولیس نے ان مسلح حملہ آوروں میں سے ایک کو ایلٹن سائمنس اور دوسرے کو نادر صوفی کے ناموں سے شناخت کیا ہے، جو قریبی ریاست کے شہر فونکس اریزونا کے ایک ہی اپارٹمنٹ میں ساتھ رہتے تھے۔

انھوں نے کانفرنس سنٹر پر فائرنگ کی تھی جس سے ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا۔ تاہم، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو فانرنگ کرکے موقع پر ہی ہلاک کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG