رسائی کے لنکس

امریکہ: 'ایف بی آئی' کے نئے ڈائریکٹر کے تقرر کی توثیق


ایف بی آئی کے نامزد سربراہ جیمز کومی
ایف بی آئی کے نامزد سربراہ جیمز کومی

امریکی سینیٹرز نے پیر کو ہونے والی رائے شماری میں جیمز کومی کے تقرر کی بھاری اکثریت سے منظوری دی۔

امریکہ کی سینیٹ نے صدر براک اوباما کی جانب سے جیمز کومی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کا نیا سربراہ نامزد کیے جانے کی توثیق کردی ہے۔

امریکی سینیٹرز نے پیر کو ہونے والی رائے شماری میں جناب کومی کے تقرر کی بھاری اکثریت سے منظوری دی۔ ان کے حق میں 93 اور مخالفت صرف ایک ووٹ آیا۔

جیمز کومی رابرٹ میولر کی جگہ سنبھالیں گے جو امریکہ پر 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گردوں حملوں سے کچھ عرصہ قبل 'ایف بی آئی' کے ڈائریکٹر بنے تھے اور اس وقت سے یہ اہم ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

جناب کومی کے خلاف ووٹ دینے والے واحد سینیٹر ری پبلکن پارٹی کے رینڈ پال تھے جو اس سے قبل سینیٹ میں ان کی نامزدگی کی توثیق کی راہ میں بھی مسلسل روڑے اٹکاتے رہے تھے۔

سینیٹر پال 'ایف بی آئی' کی جانب سے امریکہ کی حدود میں جاسوس طیاروں (ڈرونز) کے مبینہ استعمال پر سخت تحفظات رکھتے ہیں اور اس ضمن میں ایجنسی سے اپنی پالیسی واضح طور پر بیان کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔

جیمز کومی خود بھی ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جیمز کومی کو 'فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن' کا نیا سربراہ نامزد کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا تھا کہ جناب کومی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے دوران میں امریکی قوم کی اقدار اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مستقل مزاجی سے اصولوں پر ڈٹے رہنے کا مظاہرہ کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG