رسائی کے لنکس

کیری کی نامزدگی کے لئے سینیٹ کمیٹی کی منظوری


امید ہے کہ سینیٹ بھی جلد ہی جان کیری کی وزیرِ خارجہ کے طور پر تعیناتی کی منظوری دیدے گی۔

امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے امریکہ کے نئے وزیرِ خارجہ کے طور پر سینیٹر جان کیری کی نامزدگی کی توثیق کردی ہے جس کے بعد امید ہے کہ سینیٹ بھی جلد ہی اس تعیناتی کی منظوری دیدے گی۔

سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے منگل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں میساچوسٹس سے منتخب ڈیموکریٹ سینیٹر کیری کی نامزدگی کی منظوری دی جو کمیٹی کے چیئر مین بھی ہیں۔

گزشتہ ماہ صدر اوباما نے ہیلری کلنٹن کی جگہ امریکہ کے نئے وزیرِ خارجہ کے طور پر سینیٹر کیری کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا۔

جان کیری گزشتہ 28 برسوں سے امریکی سینیٹ اور سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے رکن ہیں جب کہ گزشتہ چار برسوں سے وہ اس کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کمیٹی کے ارکان کے روبرو بیانِ حلفی دیتے ہوئے سینیٹر کیری نے کہا تھا کہ اگر امریکہ دنیا کی قیادت پر فائز رہنا چاہتا ہے تو اسے اپنی داخلی معاشی معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی اب ماضی سے کہیں زیادہ اس کی معاشی پالیسی پر انحصار کرتی ہے۔ کیری کے بقول ایک ایسے وقت میں جب دنیا وسائل اور عالمی منڈیوں پر تصرف کی جدوجہد کر رہی ہے، اگر امریکہ اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کرنے سے قاصر رہا تو وہ بتدریج کمزور ہوجائے گا۔

سینیٹر کیری کی نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے گزشتہ ہفتے ہونے والی سماعت لگ بھگ چار گھنٹے جاری رہی تھی جس میں انہوں نے امریکی معیشت، ایران، دہشت گردی، افغانستان، شام، لاطینی امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کے مستقبل اور خارجہ امور سے متعلق دیگر امور کے بارے میں اپنے سینیٹر ساتھیوں کے سوالات کے جواب دیے تھے۔

سینیٹر کیری 2004ء کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار بھی تھے لیکن وہ یہ انتخاب اپنے ری پبلکن حریف جارج ڈبلیو بش سے ہار گئے تھے۔

ان کا شمار امریکہ کے امیر ترین سینیٹرز میں ہوتا ہے اور ان کے اثاثوں کا تخمینہ 184 ملین ڈالرز لگایا جاتا ہے۔

صدر براک اوباما کی پہلی مدت صدارت میں بھی جان کیری کو وزیرخارجہ کے طور پر ایک مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا تھا لیکن اُس وقت ہلری کلنٹن کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی جو کہ صدر اوباما کی دوسری مدت صدارت میں اس منصب پر فائز رہنے سے معذرت کرچکی ہیں۔

پاکستان کا خیر مقدم

امریکہ میں تعینات پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی جانب سے جان کیری کی نامزدگی کی توثیق کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

واشنگٹن کے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سینیٹر کیری اور ان کی ٹیم کے ساتھ ایک ایسے وقت میں مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے جب خطے میں کئی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔

بیان میں پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کی ہے کہ سینیٹر کیری کے امریکی وزیرِ خارجہ بننے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
XS
SM
MD
LG