رسائی کے لنکس

سپرسٹارم کے بعد بحالی کی رفتار سست


نیویارک میں پٹرول کے لیے لمبی قطاریں
نیویارک میں پٹرول کے لیے لمبی قطاریں

امریکن آٹو موبائل ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ نیوجرسی میں 60 فی صد جب کہ نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں تقریباً 70 فی صد پٹرول پمپ بند پڑے ہیں۔

مشرقی ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے سپرسٹارم سینڈی کے گذرجانے کے کئی روز بعد، ابھی تک نیویارک کے بہت سے افراد بجلی، خوراک اور حرارت سمیت کئی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

شہر کے کئی لوگ اس پر حیران ہیں کہ میئر مائیکل بلوم برگ نے ایک ایسے موقع پر ، جب کہ اکثر شہریوں کو مدد کی شدید ضرورت تھی، اتوار کو طے شدہ پروگرام کے مطابق میراتھن ریس کرانے کا اعلان کیوں کیا تھا۔ لیکن جمعے کے روز انہوں نے یہ کہتے ہوئے اپنا فیصلہ واپس لے لیا کہ وہ ریس اور اس میں حصہ لینے والوں کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے بڑے پیمانے کی اس ریس کے انعقاد کے لیے جنریٹروں ، پینے کے پانی کی بوتلوں کے ذخیروں اورعارضی غسل خانوں سمیت دیگر وسائل کو طوفان متاثرین سے میراتھن کے مقامات پر منتقل کردیا گیاتھا۔

میئر بلوم برگ نے نیویارک کی اس اہم ریس کے حق میں یہ دلیل دی تھی کہ 11 ستمبر 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر دہشت گرد حملوں کے بعد بھی میراتھن کرائی گئی تھی۔ لیکن اخبار کا کہناہے کہ وہ میراتھن سانحے کے دو ماہ بعد ہوئی تھی جب کہ اس وقت سپرسٹارم کو گذرے ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا ہے۔

سینڈی سے پہنچنے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ 20 سے 50 ارب ڈالر کے درمیان لگایا گیا ہے۔ جب کہ علاقے میں تجارتی سرگرمیاں بند رہنے کے نقصان کا اندازہ تقریباً 20 کروڑ ڈالر روزانہ ہے۔

اگرچہ مشرقی ساحلی علاقوں میں کاروباریاں سرگرمیاں رفتہ رفتہ بحال ہورہی ہیں لیکن انہیں بدستور کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے کا نظام پوری طرح کام نہیں کررہا۔ بہت سے پٹرول پمپ بند پڑے ہیں اور کئی ایک میں کام بجلی نہ ہونے کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔

نیوجرسی کے ایک اخبار برگن ریکارڈ کا کہناہے کہ نیوجرسی سے نیویارک تک ریل سروس کی مکمل بحالی میں ایک ماہ یا اس سے زیادہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

امریکن آٹو موبائل ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ نیوجرسی میں 60 فی صد جب کہ نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں تقریباً 70 فی صد پٹرول پمپ بند پڑے ہیں۔

امریکی حکومت نے جمعے کے روز کہا تھا کہ محکمہ دفاع علاقے میں تیل کی کمی پوری کرنے کے لیے دوکروڑ 20 لاکھ گیلن اضافی تیل خرید کر فراہم کرے گا۔
XS
SM
MD
LG