رسائی کے لنکس

امن کی کوششوں میں شام کی بڑی اہمیت ہے: سینیٹر کیری


امریکی سینیٹر جان کیری نے جمعرات کے روز شام کے عہدے داروں سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں اس ملک کا عمل دخل بہت اہمیت رکھتا ہے۔

سینیٹر کیری نے صدر بشار الاسد سے ملاقات کے بعد دمشق میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔

کیری سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے چیئر مین ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کو اس بارے میں بدستور تشویش ہے کہ لبنان میں عسکریت پسند تحریک حزب اللہ کو ہتھیار ، شام کی علاقائى حدود سے گزر کر پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاقے میں استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ہتھیاروں کی اس نقل و حمل کو لازماً بند ہونا چاہئیے۔

امریکہ ایک طویل عرصے سے شام پر حزب اللہ اور حماس کی مدد کرنے کا الزام عائد کررہا ہے۔ امریکہ ان دونوں تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

بدھ کے روز سینیٹر کیری نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کے بارے میں لبنان میں مذاکرات کیے تھے۔انہوں نے لبنان کے وزیرِ اعظم سعد حریری سے کہا تھا کہ انہیں ابھی تک اُمید ہے کہ آنے والے مہینوں میں ان کوششوں میں پیش رفت ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG