رسائی کے لنکس

بشارالاسد کے اقتدار کا خاتمہ یقینی ہے: امریکہ


جمعرات کو ہونے والی سماعت میں امریکہ کے نائب وزیرِ خارجہ برائے مشرقِ قریب جیفری فیلٹ مین نے سینیٹرز کو بتایا کہ شام میں صورتِ حال خوف ناک ہے اور شامی باشندوں کی ایک بڑی تعداد محاصرے میں زندگی گزار رہی ہے

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شام کے صدربشارالاسد کے اقتدارکا خاتمہ یقینی ہے، لیکن ان کے بقول، یہ واضح نہیں کہ ایسا کب ہوگا اور نہ ہی ابھی یہ ظاہر ہے کہ اسد حکومت کے اقتدار کے بعد وہاں کیا صورتِ حال ہوگی۔

امریکہ کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے ان خیالات کاظہار امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے امورِ خارجہ میں شام میں جاری بحران کے معاملے پر ہونے والی سماعت کے دوران میں بیانِ حلفی دیتے ہوئے کیا۔

جمعرات کو ہونے والی سماعت میں امریکہ کے نائب وزیرِ خارجہ برائے مشرقِ قریب جیفری فیلٹ مین نے سینیٹرز کو بتایا کہ شام میں صورتِ حال خوف ناک ہے اور شامی باشندوں کی ایک بڑی تعداد محاصرے میں زندگی گزار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام کی آبادی کا ایک بڑا حصہ خوراک، صاف پانی اور ادویات سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور زخمی بچے اور خواتین طبی امداد نہ ملنے کے سبب ہلاک ہورہے ہیں۔

فیلٹ مین کا کہنا تھا کہ صدر الاسد کے دن گنے جاچکے ہیں لیکن ان کے بقول، "گوکہ ابھی ہم ان کی اقتدار سے رخصتی کا ٹھیک وقت نہیں جانتے لیکن ہمیں یقین ہے کہ ایسا ضرور ہوگا۔ الاسد حکومت کی موت لازمی ہے"۔

امریکی سینیٹرز نے دورانِ سماعت اس امید کا اظہار کیا کہ امریکی اقدامات کے نتیجے میں مستقبل میں شامی عوام کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG