رسائی کے لنکس

امریکی مالیاتی نظام تک شمالی کوریا کی رسائی محدود کرنے کے مزید اقدام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں پر پہلے ہی شمالی کوریا کے ساتھ براہ راست کاروبار کرنے پر پابندی ہے۔

امریکہ کی طرف سے شمالی کوریا کی امریکی مالیاتی اداروں تک رسائی کو محدود کرنے کے مزید اقدام کیے جا رہے ہیں۔ یہ کارروائی امریکہ کی طرف سے شمالی کوریا سے متعلق "رقوم کی غیر قانونی ترسیل کے متعلق ابتدائی تحفظات" کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔

امریکی بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں پر پہلے ہی شمالی کوریا کے ساتھ براہ راست کاروبار کرنے پر پابندی ہے۔

بدھ کو جن اقدام کا اعلان کیا گیا ہے ان کے تحت مالیاتی اداروں کو زیادہ محتاط رہنے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ شمالی کوریا کی تیسری دنیا کے ملکوں کے بینکوں کے ذریعے امریکی (مالیاتی) نظام تک رسائی نا ہو سکے۔

امریکی وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ایڈریو سوین نے بدھ کو کہا کہ "امریکہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دنیا بھر میں ہمارے شراکت دار شمالی کوریا کی طرف سے عالمی مالیاتی نظام کو درپیش اہم خطرے سے آگاہ ہیں"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ حکومت (شمالی کوریا) اسلحے کے غیر قانونی پروگرام کو جاری رکھنے اور عدم استحکام کی دیگر سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے اپنے مالیاتی لین دین میں دھوکہ دہی سے کام کرنے کے لیے مشہور ہے۔"

وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بدھ کو کہا کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل کے پروگرام کے لیے لین دین کو مخفی رکھنے کے لیے سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے مالیاتی اداروں اور فرضی کمپنوں کو استعمال کرتا ہے۔

دوسری طرف بدھ کو ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ ماہ اور اپریل میں شمالی کوریا کی طرف سے میزائل کے کیے جانے والے تین تجربات پر شدید تنقیدکی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تینوں تجربات ناکام ہو گئے تھے۔

سلامتی کونسل نے کہا کہ (شمالی کوریا کی طرف سے ) بیلسٹک میزائل کے تجربات کی بار بار کوششیں گزشتہ قراردادوں کی "سخت خلاف ورزی" ہے جس کی وجہ سے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کی ترسیل کی صلاحیت کے حامل میزائلوں کے پروگرام کو تقویت ملتی ہے اور اس سے عالمی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

رواں سال مارچ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرار داد منظور کی تھی جس کے تحت پیانگ یانگ کی طرف سے میزائل تجربات جاری رکھنے کی وجہ سے اقوم متحدہ کے رکن ممالک سے اس کے ساتھ بینکوں کی ذریعے لین دین ختم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG