رسائی کے لنکس

ٹیکساس: فیکٹری میں دھماکا، پانچ ہلاک


مقامی حکام نے ایک اسکول کے فٹ بال گراؤنڈ میں امدادی کیمپ لگا کر زخمیوں اور دیگر متاثرہ افراد کو وہاں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں کھاد بنانے والے ایک پلانٹ میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے فیکٹری اور گرد و نواح کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور حکام کے مطابق اس میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بدھ کی شام پیش آنے والے واقعے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پلانٹ میں ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔

مقامی حکام نے ایک اسکول کے فٹ بال گراؤنڈ میں امدادی کیمپ لگا کر زخمیوں اور دیگر متاثرہ افراد کو وہاں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور ٹیکساس کے ’پبلک سیفٹی‘ ڈیپارٹمنٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ پلانٹ کے قریب 50 سے 75 مکانوں کو نقصان پہنچا جن میں مقیم کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

فیکٹری کے دھماکے بعد قریبی رہائشی علاقوں سے تقریباً 2800 افراد کو وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ٹیکساس کے گورنر رک پیرے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی معاونت کے لیے سرکاری وسائل منتقل کیے جا رہے ہیں۔

دھماکے کے وجوہات کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس میں کسی دہشت گردانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔
XS
SM
MD
LG