رسائی کے لنکس

تھینکس گِونگ: صدر اوباما کا دو پرندے آزاد کرنے کا اعلان


امریکہ میں تھینکس گِونگ کی تعطیل پر خاندان کے افراد اکٹھے ہوتے ہیں اور ٹرکی سے تیار کردہ پکوان تناول کرتے ہیں

عشروں پرانی رسم پر عمل کرتے ہوئے، امریکی صدر براک اوباما نے بدھ کو تھینکس گِونگ کے قومی تہوار کے لیے مخصوص کردہ ٹرکی اور اُس کی متبادل، دونوں کو آزاد کردیا۔

امریکہ میں تھینکس گِونگ کی تعطیل پر خاندان کے افراد اکٹھے ہوتے ہیں اور ٹرکی سے تیار کردہ پکوان تناول کرتے ہیں۔

تاہم، صدر نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے یہ پرندے، جنھیں ’پاپ کارن‘ اور ’کرامیل‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، کو تھینکس گونگ کے سالانہ تہوار سے ایک روز قبل آزاد کیا جارہا ہے، جِس دِن متعدد امریکی اہل خانہ سے ملاقات کرنے اور ٹرکی کے طعام سے لطف اندوز ہونے کے لیے سینکڑوں کلومیٹر کا سفر کرتے ہیں۔

امریکی موٹر گاڑیوں کی تنظیم کے ایک اندازے کے مطابق، اس ہفتے چار کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد 80 یا اس سے بھی زیادہ کلومیٹر کا سفر کریں گے۔

برف باری، برفانی تہہ اور بارش نے تعطیل کے دوران لاکھوں افراد کے لیے سڑک، فضا اور ریل کا سفر مشکل بنا دیا ہے۔ سارے مشرقی ساحل پر خطرناک موسمی حالات کے باعث فضائی کمپنیوں نے ہزاروں پروازوں میں تاخیر کا اعلان کیا ہے یا اِنھیں منسوخ کر دیا ہے۔

روایت کے مطابق، امریکہ میں پہلی تھینکس گِونگ 1621ء میں اُس وقت منائی گئی جب امریکی آبادکاروں کو ناسازگار موسم سرما کے بعد اچھی فصل حاصل ہونے کی خوشی نصیب ہوئی۔

ایک صدی سے زائد عرصے بعد، قوم کے پہلے صدر جارج واشنگٹن نے 1789ء میں تھینکس گونگ تہوار منانے کا باقاعدہ سرکاری طور پر اعلان جاری کیا۔
XS
SM
MD
LG