رسائی کے لنکس

الاسکا میں اضافی میزائل شکن نظام نصب ہوگا: ہیگل


امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت، جاپان میں ایک نئے’ریڈار ٹریکنگ اسٹیشن‘ کی تعمیر ہوگی، اور یہ کہ اِن تنصیبات کا مقصد خطرے سےقبل حفاظتی انتظامات کرنا ہے، جو شمالی کوریا کی طرف سےمیزائل ٹیکنالوجی میں کی جانے والی پیش رفت کے باعث درپیش ہیں

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نےشمالی کوریا کی طرف سے بڑھتے ہوئے فوجی خطرات کے توڑ کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہےجس کے تحت الاسکا کی امریکی ریاست میں 14 اضافی میزائل شکن ہتھیاروں کا نظام نصب کیا جائے گا۔

اُنھوں نے یہ بات جمعے کے روز واشنگٹن میں کہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اِس منصوبے میں جاپان میں ایک نئے’ریڈار ٹریکنگ اسٹیشن‘ کی تعمیر شامل ہے، اور یہ کہ اِن تنصیبات کا مقصد خطرے سےقبل حفاظتی انتظامات کرنا ہے، جو شمالی کوریا کی طرف سے میزائل ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی پیش رفت کے باعث درپیش ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ کیلی فورنیا اور الاسکا میں پہلے ہی سےامریکہ کا میزائل شکن نظام قائم ہے اور یہ نئے ہتھیار 2017ء تک کام کرنا شروع کر دیں گے۔

دسمبر میں شمالی کوریا نے طویل فاصلے کے میزائل کا تجربہ کیا تھا اور گذشتہ ماہ تیسرا جوہری تجربہ کیا، جِن کےنتیجے میں اقوام متحدہ نے اُس پر تعزیرات لاگو کیں، جِن کے جواب میں شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کی مد د سے دوسری کوریائی جنگ مسلط کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

اِس سے قبل جمعے ہی کے روز، جنوبی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے ’یونھاپ‘ نے فوجی اہل کاروں کےحوالے سے خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ایک تجرباتی دستے نے شمالی کوریا کی سرحد کےپاس بحیرہٴجاپان میں کم فاصلے تک مار کرنے والے دو راکٹوں کا تجربہ کیا۔

اِس کے علاوہ، شمالی کوریا کے ریاستی ٹیلی ویژن نے جمعے کو ایک فٹیج میں شمالی کوریا کے لیڈر کِم جانگ اُن کو سرحد کے ساتھ توب خانے کی جاری فائرنگ کا منظر دکھایا۔ ’کے سی این اے‘ ٹیلی ویژن نے کہا کہ یہ مشق بدھ کے روز ہوئی۔
XS
SM
MD
LG