رسائی کے لنکس

شام کے نئے سفارت کار کو ملک بدر کیا جائے گا: امریکہ


واشنگٹن میں شامی سفارت خانے کی عمارت
واشنگٹن میں شامی سفارت خانے کی عمارت

سفارت کار، علی دغمان کو واشنگٹن کے ڈلاس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روکا گیا ہے، جن کے ملک بدری کے احکامات کا انتظار ہے: میڈیا رپورٹس

امریکی محکمہٴخارجہ نے اُس شامی سفارت کار کو، جنھیں صدر بشار الاسد نے بھیجا ہے، امریکہ میں داخل ہونے اور واشنگٹن میں اُس ملک کے سفارت خانے تک پہنچنے پر پابندی لگائی ہے۔

ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ وہ انفرادی معاملات پر بیان نہیں دے سکتے، لیکن پالیسی کے طور پر اور شامی حکومت کی طرف سے اپنے ہی لوگوں پر حملے جاری رکھنے کی پاداش میں، امریکہ نے اقدامات لے لیے ہیں کہ واشنگٹن کے سفارت خانے میں کام کرنے والے گنتی کے چند ایک شامی عہدےداروں کے داخلے کو مزید محدود کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا سے تعلق رکھنے والے اداروں نے خبر دی ہے کہ سفارت کار، علی دغمان کو واشنگٹن کے ڈلاس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روکا گیا ہے، جن کے ملک بدری کے احکامات جاری ہونے کا انتظار ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ منگل کو یہاں پہنچے تھے، جنھیں غلطی سے ویزا جاری ہوا، جِو کاغذات مسترد کیے جا چکے ہیں۔


اِس ابہام کے سبب، کانگریس کے عملے کے ارکان اور شام کے جلاوطن حزب مخالف گروپوں نے اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے، جِن کا کہنا ہے کہ ویزاجاری ہونے کے عمل سے ہی یہ تاثر ملتا ہے جیسے اوباما انتظامیہ مسٹر اسد کی حکومت کو برطرف کرنے کے اپنے بیان کردہ عزم میں پختہ نہیں ہے۔

واشنگٹن کے سفارت خانے میں شام کا کوئی سفیر نہیں، جہاں مختصر عملہ کام کر رہا ہے۔ امریکہ نے دمشق میں اپنی سفارتی تعیناتی ختم کردی ہے۔
XS
SM
MD
LG