رسائی کے لنکس

غفلت کے مرتکب دو امریکی جنرلز ملازمت سے فارغ


تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان میں میرین کور کے ایک اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل چارلس گرگانس اور میجر جنرل گریگ اسٹورڈیوانٹ نے ’’خطرے کی جزیات کے پیش نظر مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے۔‘‘

امریکہ کی میرین کور کے سربراہ نے افغانستان میں ایک اہم فوجی اڈے کی سکیورٹی میں غفلت برتنے کے الزام میں اپنے دو جنرلز کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔

گزشتہ سال افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں فوجی اڈے ’کیمپ بیسچن‘ پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک اور آٹھ دیگر اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ تحقیقات میں اس واقعے کو کیمپ کی ناکافی سیکورٹی کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان میں میرین کور کے ایک اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل چارلس گرگانس اور میجر جنرل گریگ اسٹرڈیوانٹ نے ’’خطرے کی مناسبت سے حفاظتی انتظامات نہیں کیے۔‘‘

میرین کور کے سربراہ جنرل جیمز ایموس نے پیر کو ان دونوں جنرلز کو فوج سے فارغ کرنے کا کہا۔

امریکی حکام کے مطابق افغانستان میں 12 سال سے جاری کارروائی کے دوران کسی اڈے کی مناسب حفاظت نہ کرنے پر اتنی اعلیٰ سطح پر ہونے والے برطرفیوں کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

کیمپ بیسچن پر حملے میں جانی نقصان کے علاوہ طالبان نے چھ امریکی جنگی طیاروں کو تباہ اور بڑے پیمانے پر دیگر آلات کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔ جوابی کارروائی میں نو حملہ آور بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سنٹرل کمانڈر نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ گرگانس سے ’’ دشمن کی صلاحیت اور ارادوں جیسے خطرات کو جانچنے اور اس پر ردعمل میں کوتاہی ہوئی۔‘‘

میرین فورس کے فضائی شعبے کے کمانڈر اسٹورڈیوانٹ بھی کیمپ بیسچن کے فضائی اڈے کی سکیورٹی جانچنے میں ناکام رہے۔
XS
SM
MD
LG