رسائی کے لنکس

امریکہ اور برطانیہ کا یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا عزم


جان کیری اور ان کے برطانوی ہم منصب فلپ ہیمنڈ
جان کیری اور ان کے برطانوی ہم منصب فلپ ہیمنڈ

امریکہ اور اس کے اتحادی یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ "مزید ایسے اقدامات کرنے کو تیار ہیں جس سے بین الاقوامی نظام کے تسلسل کو یقینی بنایا جاسکے۔"

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری اور ان کے برطانوی ہم منصب فلپ ہیمنڈ نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں یوکرین کی خودمختاری اور جمہوری اصلاحات لانے کی حکومتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیری کا کہنا تھا کہ دونوں عہدیداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ روس فوری طور پر مشرقی یوکرین سے اپنی فوجیں واپس بلائے، وہاں علیحدگی پسندوں کی "سازو سامان کے ساتھ حمایت" ترک کرے اور گزشتہ ماہ یوکرین، روس اور باغی رہنماوں کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ روسی اقدامات نے بین الاقوامی نظام کے "سب سے بنیادی اصولوں" کو چیلنج کیا۔

"بندوق کی نوک پر سرحدیں نہ تو تبدیل ہوسکتی ہیں اور نہ ہونی چاہیئں اور عوام کو ان کے اپنے ملک میں اپنی خودمختار سرحدوں میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔"

امریکہ اور اس کے اتحادی یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ "مزید ایسے اقدامات کرنے کو تیار ہیں جس سے بین الاقوامی نظام کے تسلسل کو یقینی بنایا جاسکے۔"

امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں نے یوکرین میں روسی اقدامات پر ماسکو پر متعدد تعزیرات عائد کر رکھی ہیں۔

ماسکو یوکرین میں کسی بھی طرح کی براہ راست مداخلت کے الزام کو مسترد کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG