رسائی کے لنکس

مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع پر ورجینیا ٹیک یونیورسٹی مقفل


مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع پر ورجینیا ٹیک یونیورسٹی مقفل
مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع پر ورجینیا ٹیک یونیورسٹی مقفل

2007ء میں ورجینیا ٹیک یونیورسٹی ایک تنہا بندوق بردار نے یونیورسٹی کے اندر 32 افراد کو گولیاں مارنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

امریکہ کی ایک یونیورسٹی جس میں 2007ء میں ایک نوجوان طالب علم نے فائرنگ کرکے بہت سے لوگوں کو ہلاک کردیاتھا، جمعرات کے روز تین طالب علموں کی اس رپورٹ کے بعد کہ انہوں نے ایک شخص کو بندوق کے ساتھ دیکھا ہے، یونیورسٹی کی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

معروف امریکی یونیورسٹی ورجینیا ٹیک کے حکام نے جمعرات کے روز کہا کہ مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع کے بعد انہوں نے یونیورسٹی میں موجود تمام افراد کو اندر رہنے اور دروازے بند رکھنے کا حکم دیا۔

یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک سمر کیمپ میں شرکت کرنے والے تین افراد نے جمعرات کی صبح یونیورسٹی انتظامیہ کو مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے اپنے کپڑوں کے اندر کوئی چیز چھپارکھی ہے جو ممکنہ طورپر ایک بندوق ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور یونیورسٹی کے سیکیورٹی اہل کاروں نے فوری طورپر مسلح شخص کی تلاش شروع کردی۔

تین گھنٹوں کے بعد پولیس نے ایک پیغام جاری کیا انہیں ابھی اور کئی مقامات پر مسلح شخص کو تلاش کرنا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے لوگوں کو بدستور اپنے کمروں میں بندرہنے کی ہدایت کرتے ہوئے جمعرات کی تمام کلاسیں منسوخ کردیں۔

حکام نے مشکوک شخص کا ایک خاکہ بھی جاری کیا ہے۔

یونیورسٹی کے ایک ترجمان نے نامہ نگاروں سے کہا کہ احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہیں کیونکہ 2007ء میں ایک ایسے ہی واقعہ میں ایک تنہا بندوق بردار نے یونیورسٹی کے اندر 32 افراد کو گولیاں مارنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

XS
SM
MD
LG