رسائی کے لنکس

امریکہ: دہشت گردی کے خطرے کے انتباہی ’بلیٹن‘ کا اجرا


جے جانسن
جے جانسن

ہوم لینڈ سکیورٹی  کے سیکرٹری جے جانسن نے کہا کہ اس وقت امریکہ کے لیے کسی خطرے کے باے میں کوئی مخصوص قابل اعتماد اطلاع نہیں ہے۔

امریکہ نے دہشت گردی کے خطرے سے متعلق انتباہی ںظام کو بہتر بناتے ہوئے اس میں دہشت گردی کے بارے میں خطرے سے متعلق بلیٹن کو بھی شامل کیا ہے جس کا مقصد عوام کو کسی ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنا ہے۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری جے جانسن نے بدھ کو درمیانے درجے کے انتباہ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امریکہ کے لیے کسی خطرے کے باے میں کوئی مخصوص قابل اعتماد اطلاع نہیں ہے۔

تاہم انہوں نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی طرف سے پہلا بلیٹن جاری کیا جس میں "عالمی خطرے کے ماحول میں ایک نئے مرحلے" سے متعلق انتباہ کیا گیا ہے جو کہ " ملک کے لیے مضمرات کا باعث ہو سکتے ہیں"۔


اس بلیٹن میں انہیں باتوں کا اعادہ کیا گیا ہے جو جانسن اور دوسرے وفاقی عہدیدار پیرس اور سان برنارڈینو کے حملوں کے بعد کے دنوں میں کہہ چکے ہیں۔

بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ "خاص طور پر دہشت گرد گروپوں کی طرف سے (لوگوں کو) بھرتی کرنے اور ان کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے ہمیں ان سے جو ' اپنے طور پرانتہاپسندی کا شکار ہوتے ہیں'، جیسے کرداروں کے بارے میں تشویش ہے جو بغیر کسی اطلاع کے حملہ کر سکتے ہیں"۔

اس بلیٹن میں امریکی حکومت کی انسداد دہشت گردی کے اقدامات کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور اس میں اس بارے میں بھی تجویز دی گئی ہے کہ عوام کس طرح مشتبہ رویے پر نظر رکھ کر کیسے ان کی اطلاع دی سکتے ہیں۔

امریکہ میں سب سے پہلے دہشت گردی کے خطرے سے متعلق انتباہ کا نظام 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد قائم کیا گیا۔ یہ ںظام مختلف رنگوں کے کوڈ کا نظام تھا جس کے پانچ درجے ہیں جس میں سبز رنگ کم سطح کے خطرے جکبہ سرخ انتہائی خطرے کی علامت تھا۔

2011 میں رنگوں کے کوڈ کے نظام کو دو سطحی قومی دہشت گردی ایڈوائیزری سسٹم "این ٹی اے ایس" سے تبدیل کر دیا گیا جس میں اب بلیٹن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

این ٹی اے ایس کو کبھی بھی فعال نہیں کیا گیا ہے اگرچہ جانسن نے کہا کہ ان کے ادارے نے قبل ازیں اس سال ایک انتباہ جاری کرنے کے بارے میں غور کیا تھا تاہم اس بات کا فیصلہ کیا کہ ایسے کرنے کے لیے کوئی مخصوص اطلاع موجود نہیں تھیں۔

XS
SM
MD
LG