رسائی کے لنکس

مذاکرات کے لیے شمالی کوریا 'سنجیدگی' دکھائے، امریکہ


شمالی کوریا نے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات سے قبل اقوامِ متحدہ کی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ "ٹھوس اور قابلِ اعتماد" مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن اس سے قبل پیانگ یانگ کو اپنے جوہری پروگرام کو ترک کر کے بات چیت کے لیے اپنی سنجیدگی ظاہر کرنا ہوگی۔

اس سے قبل جمعرات کو شمالی کوریا کے 'نیشنل ڈیفنس کمیشن' نے اپنے ایک بیان میں واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات سے قبل اقوامِ متحدہ کی پابندیاں اٹھانے اور جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں 'وہائٹ ہائوس' کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا کہ امریکہ کو شمالی کوریا کی جانب سے مذاکرات پر آمادگی کا کوئی سنجیدہ اشارہ نہیں ملا ہے بلکہ پیانگ یانگ حکومت کے معاندانہ اقدامات اور بیانات اس بیان کے برعکس ہیں۔

'وہائٹ ہائوس' کے ترجمان نےو اضح کیا کہ امریکہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہے لیکن اس کے لیے شمالی کوریا کی حکومت کو اپنا جوہری پروگرام ترک کرکے مذاکرات کے لیے اپنی سنجیدگی کا اظہار کرنا ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے مشروط مذاکرات سے متعلق بیان اس بات کا اشارہ ہے کہ کئی ہفتوں تک امریکہ اور جنوبی کوریا کو جنگ کی دھمکیاں دینے کے بعد پیانگ یانگ کشیدگی میں کمی کے لیے اب سفارت کاری کی جانب رجوع کرنے کا سوچ رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG