رسائی کے لنکس

امریکہ: پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ


ترجمان جان کربی (فائل فوٹو)
ترجمان جان کربی (فائل فوٹو)

جماعت الدعوۃ کا شمار ان تنظیموں میں ہوتا ہے جن پر امریکہ اور اقوام متحدہ پابندی عائد کر چکا ہے۔

امریکہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین پر دہشت گردوں کی رسائی کو ختم کرے۔

یہ بات محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی سے بدھ کو واشگنٹن میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔

ان سے پوچھا گیا تھا کہ پاکستان میں موجود تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید امریکہ مخالف بیانات دے رہے ہیں تو اس پر امریکہ کا کیا ردعمل ہے۔

کربی نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک "دہشت گرد کے بیان پر کسی بھی طرح کا" کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ "ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور پاکستان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گردوں، کوئی انفرادی ہو یا دہشت گرد گروہ، کی رسائی ختم کرے۔"

امریکہ اس سے قبل بھی حالیہ مہینوں میں پاکستان سے اپنی سرزمین پر تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر چکا ہے جب کہ پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بلاامتیاز تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جماعت الدعوۃ کا شمار ان تنظیموں میں ہوتا ہے جن پر امریکہ اور اقوام متحدہ پابندی عائد کر چکا ہے۔

حافظ سعید (فائل فوٹو)
حافظ سعید (فائل فوٹو)

بھارت کا الزام ہے کہ 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی ذمہ دار لشکر طیبہ بھی حافظ سعید کی زیر نگرانی کام کرتی ہے اور یہ جماعت اس کے زیر انتظام کشمیر میں مبینہ طور پر عسکری کارروائیوں میں مصروف ہے۔

تاہم حافظ سعید ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کی جماعت فلاحی کام کرتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں بھی بعض حلقوں کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ حکومت ایسے "غیر ریاستی عناصر" کے خلاف کارروائی کرے جن کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

XS
SM
MD
LG