رسائی کے لنکس

مغوی امریکی شہری کی رہائی کے لیے اپیل


چند ماہ قبل مغوی کا ایک وڈیو پیغام منظر عام پر آیا تھا۔
چند ماہ قبل مغوی کا ایک وڈیو پیغام منظر عام پر آیا تھا۔
پاکستان سے گزشتہ سال اغوا ہونے والے امریکی شہری وارن وائن سٹین کی اہلیہ نے خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اُن کی باحفاظت رہائی کے لیے اپیل کی ہے۔

امریکی ریاست میریلینڈ سے تعلق رکھنے والے 71 سالہ امدادی کارکن کو 13 اگست 2011ء کو لاہور میں اُن کی رہائش گاہ سے اغوا کر لیا تھا۔ بعد ازاں القاعدہ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مغوی ڈاکٹر نے کہا تھا کہ اگر امریکی صدر براک اوباما نے اغوا کاروں کے مطالبات تسلیم نا کیے تو اُنھیں قتل کر دیا جائے گا۔

اغوا کی اس واردات کا ایک برس مکمل ہونے پر وائن سٹین کی اہلیہ الین نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ اُن کے شوہر عارضہ قلب، دمہ اور بلند فشار خون کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

اُن کے بقول اگر وائن سٹین کو اپنے معالجین سے رابطے کا موقع نہ دیا گیا تو ان کی صحت روز بروز خراب ہوتی جائے گی جس سے اُن کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

الین نے کہا ہے کہ نواسے، نواسیاں ہر روز اپنے نانا کو یاد کرتے اور اُن کے بارے میں دریافت کرتے ہیں۔ لیکن اُن کے لیے اس بات کی وضاحت کرنا بہت مشکل ہے کہ وائن سٹین ان کے ساتھ کیوں نہیں۔

’’اس درد اور دکھ کو بیان کرنا ممکن نہیں جو میں اور میری بیٹیاں محسوس کر رہی ہیں۔ آسان الفاظ میں ہم دل شکستہ ہیں۔ میں نے ہمیشہ وارن کے ہمراہ اہل خانہ کے ساتھ خوش و خرم زندگی گرانے کا تصور کیا تھا۔‘‘
XS
SM
MD
LG