رسائی کے لنکس

امریکہ کا شریف، مودی ملاقات کا خیرمقدم


ترجمان جین ساکی

ترجمان جین ساکی

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے دوطرفہ تعاون اور مذاکرات کو فروغ دینے والے تمام اقدامات کا امریکہ خیر مقدم کرتا ہے

امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ہونے والے تمام اقدامات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

محکمہ خارجہ کی طرف سے بھارت کے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی شرکت کا بھی خیرمقدم کیا۔

ترجمان جین ساکی نے واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے دوطرفہ تعاون اور مذاکرات کو فروغ دینے والے تمام اقدامات کا امریکہ خیر مقدم کرتا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے پیر کو بھارتی وزیراعظم نواز شریف کی نئی دہلی میں تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد منگل کو ان سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی اور تجارت سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کے لیے پاکستان اور بھارت کو تصادم کی بجائے تعاون کی راہ اختیار کرنی ہو گی۔ نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ الزام تراشی کسی صورت سود مند نہیں ہو گی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بات چیت میں دہشت گردی سے متعلق اپنے تحفظات سے انھیں آگاہ کیا۔

یہ پہلا موقع تھا کہ کسی پاکستانی وزیراعظم نے بھارت میں سربراہ حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

پاکستان میں وزیراعظم نوازشریف کے اس دورے کو مجموعی طور پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور سیاسی و سماجی حلقوں نے اس سے دونوں روایتی حریفوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے اچھا شگون خیال کیا۔
XS
SM
MD
LG