رسائی کے لنکس

تعلیم و سماجی ترقی میں امریکی معاونت


جیفری بیکن کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بچوں کو تعلیم کی فراہمی امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کا ایک مقصد ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) اور ایک بین الاقوامی ادارے انٹیل کی پاکستان میں شاخ کے درمیان تعلیم و سماجی شعبے کی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے پر مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں یوایس ایڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جیفری بیکن نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ انٹیل کے اشتراک سے ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

اُنھوں نے کہا کہ جدید تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

جیفری کا کہنا ہے کہ مفاہمت کی اس یاداشت کے تحت یو ایس ایڈ اور انٹیل ابتدائی مرحلے میں منصوبے کا اطلاق پنجاب سے کریں گے جسے بتدریج بڑھایا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا محور خواتین کو بااختیار بنانا بھی ہو گا اور اُن کے بقول جدید طریقوں کو عمل میں لا کر مقاصد کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

اس منصوبے کا ایک مقصد خواتین کو معاشی طور پر بھی با اختیار بنانا ہے جس کے لیے اُنھیں کمپوٹر کے ذریعے جدید علوم سے آراستہ کیا جائے گا جب کہ اساتذہ کی تربیت بھی اس منصوبے کا حصہ ہو گی۔

جیفری بیکن کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بچوں کو تعلیم کی فراہمی امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کا ایک مقصد ہے۔

انٹیل پاکستان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نوید سراج نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے ساتھ مل کر دیہی علاقوں میں رہنے والوں کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

یوایس ایڈ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں معاونت جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت لاکھوں بچوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ اساتذہ کی تربیت کا منصوبہ بھی جاری ہے جس کا مقصد معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔

اُدھر جمعرات کو صدر ممنون حسین نے بھی ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت ملک میں تعلیم خاص طور پر ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید علوم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

اُنھوں نے پاکستان میں نجی شعبے پر بھی زور دیا کہ وہ اس کام میں حکومت کے اقدامات کا حصہ بنے۔
XS
SM
MD
LG