رسائی کے لنکس

اُزبک صدر کی صاحبزادی مشکل میں


گلنارا کریموا
گلنارا کریموا

گلنارا کریموا نے اپنے ایک حالیہ پیغام میں دعویٰ کیا کہ انھیں زہر دینے کی کوشش بھی کی گئی۔

اپنی زرق برق اور شاہانہ طرز زندگی کی وجہ سے مشہور ازبکستان کے صدر اسلام کریموف کی صاحبزادی گلنارا کریموا ان دنوں شدید مشکلات اور الجھنوں میں گھری ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے حکام نے اچانک کریموا کی خیراتی فاؤنڈیشن ’’فنڈ فورم‘‘ کو اچانک بند کر دیا۔ اس فاؤنڈیشن کے تحت مختلف ادارے بشمول ٹی وی، ریڈیو چینلز اور ویب سائٹس کام کر رہی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق ’ایس این بی‘ کے مخفف سے مشہور سکیورٹی سروسز نے فنڈ فورم کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں اور اس کے ملازمین سے تفتیش کر رہے ہیں۔

اکتوبر کے اوائل میں کریموا کے ایک عزیز اور بااعتماد ساتھی اور بڑی کاروباری شخصیت اکبر علی عبدالایوو کو خوردبرد، ٹیکس چوری اور رشوت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔

31 اکتوبر کو کریموا کے ایک اور قریبی ساتھی فردوس عبد ہالیکوف کو گرفتار اور ان کے ٹی وی چینل ’’سمرقند ٹی وی‘‘ کی نشریات بند کر دی گئیں۔ عبدہالیکوف کئی برسوں تک ذرائع ابلاغ پرمکمل حکومتی کنٹرول بنائے رکھنے کے لیے سرگرم رہے۔ بحیثیت سربراہ نیشنل ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا عبدہالیکوف نے تمام مقامی صحافیوں کو اس بات کا پابند کر رکھا تھا کہ وہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ سے تعاون سے قبل ان سے اجازت حاصل کریں۔

2005ء اور 2006ء میں وائس آف امریکہ کی ازبک سروس کے پروگراموں سے وابستہ لوگوں پر یہ کام چھوڑنے پر دباؤ ڈالا گیا تھا۔

گلنارا کریموا کو اپنے والد کے جانشین کے طور پر بھی دیکھا جاتا رہا ہے اور حالیہ مہینوں میں وہ اس ضمن میں خاصی متحرک نظر آئیں۔ لیکن ٹوئٹر پر حالیہ مہینوں میں ان کی طرف سے کچھ ایسے پیغامات بھی درج کیے جاتے رہے کہ ان کے ساتھیوں اور خود کریموا کے خلاف دشمن شدید مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے اس کا الزام ایس این بی کے سربراہ رستم انویاتوف پر عائد کیا۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک حالیہ پیغام میں کریموا نے دعویٰ کیا کہ انھیں زہر دینے کی کوشش بھی کی گئی۔

رواں سال جولائی تک وہ اقوام متحدہ میں ازبکستان کی مستقل مندوب کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں اور اس بنا پر انھیں سفارتی استثنیٰ بھی حاصل رہا۔ لیکن رقوم کی غیر قانونی منتقلی اور بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے الزامات کے باعث انھیں برطرف کردیا گیا۔

سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس اور لیٹویا میں ہونے والی تحقیقات کے دوران کریموا کے چار قریبی ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG