رسائی کے لنکس

ہم جنس پرستوں کی شادی، وینا ملک کی جانب سے حمایت کا اعلان


لالی ووڈ ’پروردہ‘ اور بالی ووڈ اداکارہ ویناملک کی خوبی یہ ہے کہ وہ میڈیا کی توجہ بہت زیادہ دنوں تک اپنے سے ہٹنے نہیں دیتیں اوراس کے لئے کوئی نہ کوئی دھماکا کرتی رہتی ہیں۔ ان کا تازہ ترین دھماکہ وہ خیالات ہیں جو انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ’ٹوئیٹر‘ پرپوسٹ کئے ہیں اور جس میں انہوں نے ہم جنس پرستوں کی شادی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بات یہیں تک محدود رہتی تو بھی ٹھیک تھا مگر وینا ملک اپنے خیالات کے اظہار میں بہت آگے تک نکل گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نسوانی ہم جنس پرست عورتوں ، مرد ہم جنس پرستوں اور خواجہ سراوٴں کی کمیونٹی کی مکمل حمایت کرتی ہیں اور ایسا کرنے میں انہیں کوئی عار یا شرم محسوس نہیں ہوتی۔

اس اظہار خیال کے ساتھ ہی وہ ایسی پہلی پاکستانی نژاد اداکارہ بھی بن گئی ہیں جنہوں نے ہم جنس پرستوں کی شادی کی حمایت کا کھلم کھلا اقرار کیا ہے۔تاہم اس سے قبل ہالی ووڈ اداکاروٴں کم کردشین اور لیڈی گاگا بھی ہم جنس پرستوں کی شادی کی حمایت کا اعلان کرچکی ہیں۔

وینا ملک اپنے خیالات کی حمایت میں امریکی صدر براک اوباما کی مثال دیتے ہوئے کہتی ہیں ۔۔’اگر امریکی صدرہم جنس پرست افراد کی شادی کے حق میں ہوسکتے ہیں تو ایک عام شہری اس کی حمایت میں آواز بلند کیوں نہیں کر سکتا؟‘

پاکستان میں ہم جنس پرستوں کی شادی تو دور کی بات ہے اس موضوع پرلوگ بحث کرتے ہوئے بھی کتراتے ہیں جبکہ بھارت میں اس موضوع پراب بھی آسانی سے نہیں سوچا جاسکتا۔ قدامت پرست بھارتی آج بھی اس قسم کی شادیوں پر پابندی کے خواہشمند ہیں۔ ایسی صورتحال میں وینا کا اظہار خیال ان کے لئے مشکلات پیدا کرسکتا ہے ۔

مبصرین کے مطابق وینا کے اس بیان پر کم از کم معاشرے میں ایسی گرما گرم بحث ضرور چھڑ سکتی ہے جیسی ان دنوں ’ٹوئیٹر“ پر چھڑی ہوئی ہے۔ کچھ لوگ وینا کے حق میں ہیں تو کچھ نے شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG